افغان صوبوں میں اتحادی افواج کی بمباری اور جھڑپوں کے نتیجے میں 33طالبان اور31 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 64 افراد لقمہ اجل بنے

بدھ 14 نومبر 2018 19:38

کوہاٹ/کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) افغان صوبوں میں اتحادی افواج کی بمباری اور جھڑپوں کے نتیجے میں 33طالبان اور31 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 64 افراد لقمہ اجل بنے۔افغان میڈیا نے صوبائی کونسل کے رکن محمدکریم کریمی اور سیکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ منگل کی رات طالبان عسکریت پسندوں نے وسطی صوبہ اورزگان کے صدرمقام ترین کوٹ میں افغان پولیس و فوج کے مشترکہ فوجی کیمپ اور چیک پوسٹوں پر پوری شدت کے ساتھ حملے کئے جس کے بعد دوطرفہ جھڑپوں کا سلسلہ بدھ کی صبح تک جاری رہا۔

افغان حکام کے مطابق ان جھڑپوں کے دوران افغان سیکیورٹی کے 10 اہلکارہلاک اور 5 دیگر زخمی جبکہ 15 طالبان حملہ آوربھی جاں بحق ہوگئے جبکہ طالبان نے کیمپ پر حملے میں 31 سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کرنے اورفوجی کیمپ پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر افغان میڈیا نے افغان فوجی حکام کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ شمالی صوبہ فریاب کے ضلع قیصر میں طالبان کے ساتھ جھڑپوں میں 18 طالبان ہلاک کردیئے گئے جن میں ایک مقامی کمانڈر بھی شامل ہے۔ حکام کے مطابق یہ جھڑپ ضلع قیصر کے کالک گاؤں میں ہوئی۔ ادھرصوبہ غزنی کے ضلع مالیستان پر طالبان نے قبضہ کیا ہے جہاں شدید جھڑپوں اور حملوں کے بعد ضلعی سربراہ سمیت تمام اعلیٰ سول و فوجی حکام بھاگ کرفرار ہوگئے ہیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں