کوہاٹ ،نجی کلینک میںلیڈی ڈاکٹر،عملے کی مبینہ غفلت کے باعث خاتون نومولود بچہ سمیت جاں بحق

جمعہ 25 ستمبر 2020 16:04

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2020ء) کوہاٹ شہر میں واقع ایک نجی کلینک میںلیڈی ڈاکٹراورعملے کی مبینہ غفلت کے باعث خاتون اپنے نومولود بچہ سمیت جاں بحق ہوگئی جس پر لواحقین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کچہری چوک میں مظاہرہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق جمعہ کے روز علی الصبح شہر کے نواحی علاقے تپی کی رہائشی ایک خاتون کو لیاقت میموریل ہسپتال لایا گیا جہاں سے مریضہ کو لیڈی ڈاکٹرکی نجی کلینک منتقل کردیا گیا۔

بتایاجاتا ہے کہ مریضہ نے لیڈی ڈاکٹرکی عدم موجودگی میں دیگر عملہ کی مددسے بچہ جنم دیا جو تھوڑی ددیربعد چل بسا جبکہ بعدازاں مبینہ طورپرعدم توجہی کی وجہ سے خاتون بھی زندگی ہارگئی اور یوں زچہ و بچہ دونوں کے جاں بحق ہونے پر لواحقین مشتعل ہوئے اور لیڈی ڈاکٹر کی عدم موجودگی اور کلینک میں موجود عملے کی مبینہ غفلت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کچہری چوک میں مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے الزام لگایا کہ لیڈی داکٹر اور کلینک میں موجود دیگر عملے نے جان بوجھ کر اور بار بار منت سماجت کرنے کے باوجود بھی مریضہ کی حالت زارپر توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے دونوں زچہ و بچہ جاں بحق ہوگئے۔ادھراحتجاجی مظاہرے کی وجہ سے اندرون شہر کی مرکزی سڑک پرٹریفک معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ کر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس افسر پہنچ گئے جنہوں نے مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کرکے متعلقہ نجی کلینک کے عملے کے خلاف روزنامہ رپورٹ درج کرکے کاروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد مظاہرین پرامن طورپر منتشرہوگئے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں