کوہاٹ میں یوم شہدائے پولیس انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

ہفتہ 4 اگست 2018 22:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2018ء) کوہاٹ میں یوم شہدائے پولیس انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔اس حوالے سے مرکزی تقریب کوہاٹ یونیورسٹی کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوئی جس میں ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن محمد اعجاز،سٹیشن کمانڈربریگیڈئیر اقبال خان نیازی ،بریگیڈئیر جاوید دوست چانڈیو،ڈی پی او کوہاٹ سہیل خالد ،ڈی پی او کرک ، ڈی پی او ہنگو شہاب علی شاہ،کمانڈنٹ ایف سی،ضلع ناظم کوہاٹ نسیم آفریدی،چیف جسٹس (ر) ابن علی کے علاوہ بڑی تعداد میں پولیس و فوجی افسران ،کوہاٹ ریجن کے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین،منتخب عوامی نمائندوں،اور شہر کی نمایاں شخصیات نے بھر پور شرکت کی۔

تقریب میں سکولوں وشہداء کے بچوں اورپولیس اہلکاروں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے حمد ونعت، نظمیں،ملی نغمے اور تقاریر پیش کیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں شہدائے پولیس کیلئے خصوصی سلامی پیش کی گئی اور یاد گار شہداء پر پھولوں کے گلدستے چڑھائے گئے۔تقریب کے شرکاء شہداء کی یاد میں فرط جزبات سے اسوقت آبدیدہ ہوگئے جب انکی لازوال قربانیوں کو نظموں اور تقاریر میںیاد کیاجاتا رہا۔

مرکزی تقریب کے دوران ڈی آئی جی کوہاٹ محمد اعجاز نے شہدائے پولیس کے لواحقین کے انفرادی واجتماعی مسائل سنے اور موقع پر ان مسائل کے حل کے حوالے سے احکامات جاری کئے۔اس موقع پر شہدائے پولیس کے ورثاء میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے جبکہ منعقدہ تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنیوالے بچوںکو انعامات سے نوازا گیا۔ دھرتی کی حفاظت اور امن واستحکام میں وردی والوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

قوم و ملک پر جان نچھاور کرنیوالے شہداء ہمارے قومی ہیرو ہیں انکے ورثاء کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے اوربدامنی کے پیچھے کار فرمامٹھی بھر عناصر کو ملکر شکست دینا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن محمد اعجاز اور دیگر نے کوہاٹ میںیوم شہدائے پولیس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے اپنے خطاب میں ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن محمد اعجاز،سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر اقبال خان نیازی،بریگیڈئیر جاوید دوست چانڈیو اور ڈی پی او کوہاٹ سہیل خالد کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فورسز اور عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیںاور اس جنگ میں اب تک پولیس کے 1675پولیس افسران اور اہلکار لہو کی قربانی دیکرجام شہادت نوش کرچکے ہیںجن میں کانسٹیبل سے لیکر آئی جی پولیس کے ہر رینک کا پولیس افسر شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دھرتی کے پیچھے وردی ہے اور وردی والوں خواہ انکا تعلق کسی بھی فورس سے ہے نے اپنی جان پر کھیل کر اس دھرتی کی حفاظت کو ممکن بنادیا ہے اور ملک و قوم کی بقاء و سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن فورس کا کردار ادا کرنیوالے خیبر پختونخوا پولیس کی لازوال قربانیوں کو تاریخ کے اوراق میں سنہرے حروف سے لکھاجائے گا اور پاک سر زمین کی حفاظت اور قیام امن پر جان قربان کرنے والے شہید اہلکاروں کے لواحقین کو کسی صورت تنہا نہیںچھورا جائے گا۔

تقریب سے خطاب میں انکا کہنا تھا کہ شر پسند عناصرکے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر پولیس اور دیگر فورسز کے جوانوں نے دہشتگردی کو مات دی ہے اور اب بد امنی کے پیچھے کار فرما بچے کچے مٹھی بھر شرپسند عناصر کے ناپاک قدموںکو اس پاک دھرتی پر جمنے کا کوئی موقع نہیں دیا جائے گا اورایسے عناصر کو نیست ونابود کرنے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں