کوہاٹ ہنگو روڈ پر ٹریفک کا خوفناک حادثہ ،تین افراد جاں بحق ،پندرہ دیگر زخمی ہو گئے

ہفتہ ستمبر 19:23

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2019ء) کوہاٹ کے قریب کوہاٹ ہنگو روڈ پر ٹریفک کے خوفناک حادثہ میں کم از کم تین افراد جاں بحق جبکہ پندرہ دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ ہفتہ کی شام اس وقت پیش آیا جب ڈبل کیبن پک اپ نمبر IDT 2178 اورکزئی سے کوہاٹ آرہی تھی کہ کوہاٹ ہنگو روڈ پر نصرت خیل کے قریب خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں پک اپ میں سوار 18 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے عملہ نے جائے حادثہ پر پہنچ کر تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پہنچادیا جہاں تین افراد زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے جبکہ باقی پندرہ افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ فوری طورپر جاں بحق و زخمی افراد کے نام معلوم نہ ہوسکے۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ جب حادثہ کے بعد زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچادیا گیا تو وہاں مبینہ طور پر ایک ہی ڈاکٹر ایمرجنسی ڈیوٹی پر موجود تھا جس کی وجہ سے زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے میں شدید مشکلات پیش آئیں۔

کوہاٹ شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments