کوہاٹ، امن‘ محبت اور بھائی چارے کا پیغام ہر مذہب دیتا ہے ،تعلیم ضیاء اللہ بنگش

پیر 9 دسمبر 2019 23:37

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 دسمبر2019ء) امن‘ محبت اور بھائی چارے کا پیغام ہر مذہب دیتا ہے کوئی بھی مذہب تشدد کی حمایت نہیں کرتا‘ امن اور تعلیم کے بغیر ترقی کوئی بھی قوم نہیں کر سکتی‘ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک میں عدم مساوات‘ مذہبی ہم آہنگی اور تعلیم کو ترقی دین کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے ان خیالات کا اظہار صوبائی مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے سینٹ جوزف کانونٹ پبلک سکول میں یوم والدین کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں کیا تقریب میں ادارے کی پرنسپل‘ اساتذہ کرام سمیت بڑی تعداد میں والدین اور بچوں نے شرکت کی اس موقع پر سکول کے ننھے بچوں نے مختلف ٹیبلو پیش کر کے زبردست داد حاصل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ آج ان ننھے بچوں نے ٹیبلو میں جو پیغام دیا ہے وہ ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے کوئی بھی مذہب کسی دوسرے انسان پر تشدد اور ظلم کا درس نہیں دیتا پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہونے والا ملک ہے جہاں پر رہنے والی تمام قومیتوں کو مذہبی آزادی ہے پاکستان ایک پرامن ملک ہے جس کا اعتراف آج تمام دنیا کر رہی ہے انوائرمنٹ کے حوالے سے صوبائی مشیر کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ کوھاٹ کا شمار پاکستان کے صاف ستھرے اور سرسبز شہروں میں ہوتا ہے انہوں نے والدین اور معاشرے کے ہر فرد سے اپیل کی کہ وہ جس طرح اپنے گھروں کو صاف رکھتے ہیں اسی طرح اپنے محلے اور ملک کو بھی صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں اس سے نہ صرف ماحول بہتر ہو گا بلکہ بیماریوں کو بھی پھیلنے کا موقع نہیں ملے گا ضیاء اللہ بنگش کا کہنا تھا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کا ہونا بھی نہایت ضروری ہے والدین اپنے بچوں کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں کیوں کہ آج کے یہ ننھے بچے ہمارے کل کا مستقل ہیں صوبے میں تعلیم کے حوالے سے مشیر تعلیم کا کہنا تھاکہ انشاء اللہ آئندہ چند برسوں میں کوئی ایسا تعلیمی ادارہ نہیں ہو گا جہاں پر اساتذہ یا سہولیات کی کمی ہو گی صوبائی حکومت وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے انشاء اللہ بہت جلد کوھاٹ کے سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو مزید ٹریننگ کے لیے انگلینڈ بھجوائیں گے تاکہ ان کے تجربے میں اضافہ ہو اس سے پہلے تقریب سے ادارے کی پرنسپل نے بھی خطاب کیا اور سکول کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں