پولیس افسروں امن دشمن عناصر کو سختی سے کچلنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں،ڈاکٹر ثنا ء الله عباسی

جرائم میں ملوث امن دشمن عناصر کا قلع قمع کرنے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں ،عوام کی تحفظ اور علاقائی امن ودفاع کے عوامل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے آئی جی خیبرپختونخوا کا کوہاٹ کا دورہ،کوہاٹ ریجن میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت

ہفتہ 23 مئی 2020 23:59

کوہاٹ/پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2020ء) انسپکٹرجنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹرثناء اللہ عباسی نے پولیس افسروں پر زور دیاہے کہ وہ امن دشمن عناصر کو سختی سے کچلنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیںاوردہشتگردی سمیت ٹارگٹ کلنگ،بھتہ خوری،منشیات فروشی اور دیگر جرائم میں ملوث امن دشمن عناصر کا قلع قمع کرنے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں اور عوام کی تحفظ اور علاقائی امن ودفاع کے عوامل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔

ہفتہ کے روز کوہاٹ آمد کے بعدیہاں ضم شدہ قبائلی اضلاع سمیت کوہاٹ ریجن میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آئی جی پی نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کی بروقت وکامیاب کاروائیوں اور پیشہ ورانہ کمٹمنٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ جان ہتھیلی پر رکھ کر خیبر پختونخوا پولیس نے دہشتگردوں اور ٹارگٹ کلرزکے خلاف جو کامیابیاں حاصل کی ہیں تاریخ میں اسکی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

پولیس شہداء پوری قوم کے محسن ہیں جن کی قربانیوں بدولت پورے صوبہ بالخصوص قبائلی اضلاع میں پائیدار امن قائم ہوا جہاں لوگ آزاد اور پرامن فضا میں سانس لے رہے ہیں۔اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ،ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)منصور امان،ڈی پی او کرک نوشیر خان،ڈی پی او ہنگو شاہد احمد خان ،ڈی پی او اورکزئی نثاراحمد خان ،ڈی ایس پی کرم ظریف خان اور سی ٹی ڈی و سپیشل برانچ کوہاٹ کے مقامی حکام بھی موجود تھے۔

اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ اور متعلقہ اضلاع کے ضلعی پولیس سربراہوں نے علاقائی امن و سیکیورٹی اور کائونٹر کرائمز کے حوالے سے آئی جی پی کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے تھانہ لاچی کوہاٹ کے ایس ایچ او کی جرائم پیشہ افراد کی فائرنگ سے شہادت اور کانسٹیبل کے زخمی ہونے کی واقعے کے حوالے سے بھی متعلقہ پولیس حکام سے دریافت کیا اور قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے احکامات جاری کئے جس پر آئی جی پی کو بتایا گیا کہ گزشتہ شام ایس ایچ او تھانہ لاچی سب انسپکٹر نذر عباس اور اسکے گن مین کانسٹیبل جاسم کو معمول کی علاقائی گشت کے دوران مسلح جرائم پیشہ افراد نے سامنا ہونے پر اچانک فائرنگ کرکے شہید و زخمی کیا جبکہ بعد ازاں پولیس کیساتھ مقابلے میں اس قاتلانہ حملے میں ملوث جرائم پیشہ افراد عبد الرحمان اور انم نوید مارے گئے اور ایک ملزم محمد نوید کو گرفتار کرلیا گیاہے ۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس نے کوہاٹ ریجن سے ملحقہ ضم شدہ قبائلی اضلاع سمیت ریجن بھرمیں امن وامان کی مجموعی صورتحال اور کرائم کنٹرول کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پراطمینان کا اظہار کیا ۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں