پولیس عوام کی جان، عزت و نفس اور مال کی حفاظت کرے گی، ڈی پی او لوئر کوہستان

بدھ 30 جنوری 2019 13:50

کوہستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2019ء) ڈسٹر کٹ پولیس آفیسر لوئر کوہستا ن محمد سیلمان خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس مثالی پولیس ہے جو بغیر سفارش اور دبائو کے کام کر رہی ہے، تقرریاں اور تبادلے میرٹ کی بنیاد پر بغیر کسی منتخب نمائندے یا دبائو کے ہو رہے ہیں، عوام کے خادم بن کر خدمت پولیس کے فرائض میں شامل ہے، لوئر کوہستان پولیس بغیر کسی لالچ کے عوام کی جان، عزت و نفس اور مال کی حفاظت کرے گی اور جرائم کی روک تمام کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، عوام پولیس کے ساتھ مل کر معاشرے میں امن قائم کر سکتی ہے کیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر امن و امان کی فضاء قائم رکھنا مشکل ہے، بحیثیت فرض شناس شہری آپ کا فرض بنتا ہے کہ علاقہ میں جو بھی برائی نظر آئے اس برائی کے خاتمہ کیلئے پولیس کی مدد کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے، منشیات فروشی اور سود خوری ایک لعنت کی صورت میں نمودار ہو رہی ہے، اس ناسور کی وجہ سے آپ کی نسلیں تباہ ہو رہی ہیں اس کے خاتمہ کیلئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

(جاری ہے)

وہ گذشتہ روز تھانہ دوبیر کے علاقہ رانولیا میں کھلی کچہری سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق یونین کونسل ناظم سر بلند خان، ٹی ایم او لوئر کوہستان عبدالرزاق خان، سی اینڈ ڈبلیو انجینئر شوکت خان، ایس ایچ او تھانہ دوبیر امیر حاتم خان، معززین علاقہ اور عوام الناس کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ڈی پی او محمد سیلمان خان نے کہا کہ کھلی کچری کا مقصد عوامی مسائل ان کے دہلیز پر حل کرنا ہے، پولیس میں سزا اور جزا کا عمل موجود ہے، عوام اپنی شکایات براہ راست ان تک تک پہنچائیں تو ہر صورت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کھلی کچہری کے دوران شرکاء نے ڈی پی او کو مسائل کے حوالہ سے آگاہ کرتے ہوئے اپنی شکایات سے بھی آگاہ کیا جس پر انہوں نے فوری کارروائی کا حکم دیا۔

کوہستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں