پولنگ ڈے پر سٹاف اور سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں،ڈی پی او کولئی پالس

پیر 22 جنوری 2024 15:50

کوہستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2024ء) ڈی پی او کولئی پالس کوہستان مختیار احمد خان نے کہا ہے کہ پولنگ ڈے پر سٹاف اور سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں۔ضلع کے حساس ترین پولنگ سٹیشن جی ایم ایس مداخیل آباد کوٹ کے دورہ کے موقع بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن آئیں گے اور چلے جائیں گے مگر دوستی، رشتہ داری، تعلق اور محبت قائم رہنا چاہیے، الیکشن ڈے پر اپنے تعلق کو خراب مت کریں، ووٹ آپ کا آئینی اور قانونی حق ہے اسے پرسکون ماحول میں کاسٹ کریں۔

اس موقع پر ڈی ایس پی سرکل بٹیڑہ عبدالرئوف خان اور ایس ایچ او تھانہ بٹیڑہ فضل الرحمان بھی موجود تھے۔ پولنگ سٹیشن جی ایم ایس کوٹ مدا خیل آباد پہنچنے پر کثیر تعداد میں عوام نے ڈی پی او کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے پولنگ سٹیشن کوٹ مداخیل کا تفصیلی جائزہ لیا اور کمیونٹی کو اپنی گذارشات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک دن کے الیکشن سے اپنے تعلقات کو خراب مت کریں، اپنے آئینی حق کو پر سکون ماحول میں ادا کریں، بھائی چارگی کو فروغ دیں، پولنگ ڈے پر سٹاف اور سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔ انہوں نےعوام کے مسائل سنے، عوام نے پولیس پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا اور پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

کوہستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں