بشام میں چینی باشندوں پر خودکش حملے میں ملوث مجرموں کو جلد پکڑ لیں گے، شہباز شریف

بے قصور چینی باشندوں اور پاکستانی شہری کو قتل کرنے کا یہ انتہائی بزدلانہ حملہ تھا، چینی باشندے خوشحال پاکستان بنانے کی ہماری کوششوں کی سپورٹ کرنے کیلئے یہاں موجود ہیں، ان کی سیکیورٹی ہماری سیکیورٹی ہے، ہم آنے والے وقت میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کریں گے،میں اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک ہم آپ کے لیے بہترین ممکنہ سیکیورٹی اقدامات نہیں کرلیتے،پاک۔چین اقتصادی راہداری کے دشمن کو شکست ہوگی،شہباز شریف کاداسو ڈیم کے منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنی کے انجینئرز سے خطاب

پیر 1 اپریل 2024 18:25

کوہستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2024ء) وزیر اعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ بشام میں چینی باشندوں پر خودکش حملے میں ملوث مجرموں کو جلد پکڑ لیں گے،بے قصور چینی باشندوں اور پاکستانی شہری کو قتل کرنے کا یہ انتہائی بزدلانہ حملہ تھا، چینی باشندے خوشحال پاکستان بنانے کی ہماری کوششوں کی سپورٹ کرنے کیلئے یہاں موجود ہیں، ان کی سیکیورٹی ہماری سیکیورٹی ہے، ہم آنے والے وقت میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کریں گے،میں اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک ہم آپ کے لیے بہترین ممکنہ سیکیورٹی اقدامات نہیں کرلیتے،پاک۔

چین اقتصادی راہداری کے دشمن کو شکست ہوگی۔پیر کو وزیر اعظم شہباز شریف داسو ڈیم کے منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنی کے انجینئرز سے ملاقات کے لیے کوہستان پہنچے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم شہباز شریف نے داسو ڈیم کے منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنی کے انجینئرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بشام کا واقعہ انتہائی افسوسناک تھا، جب 26 مارچ کو 5 چینی انجینئر اور ایک پاکستانی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

انہوںنے کہاکہ بے قصور چینی باشندوں اور پاکستانی شہری کو قتل کرنے کا یہ انتہائی بزدلانہ حملہ تھا، اس کی وجوہات کچھ اور نہیں بلکہ یہ تھی کہ پاکستان اور چین کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات کو نقصان پہنچایا جائے۔شہباز شریف نے کہا کہ یہ حملہ پاکستان کے دشمنوں نے کیا، جو پاکستان اور چین کے درمیان ہر روز بڑھتی دوستی کو نقصان پہنچانے کا ہر موقع ڈھونڈتے ہیں، انہوںنے کہاکہ میں آپ لوگوں کے چہروں پر دکھ اور غم کو دیکھ سکتا ہوں کہ آپ کے 5 ساتھی اس دنیا سے جا چکے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ہم اس غم میں آپ کے برابر کے ساتھ ہیں، میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ حکومت پاکستان ہر ممکن کوشش کرے گی کہ آپ کو اور آپ کے اہل خانہ کو بہترین سیکیورٹی ملے۔وزیراعظم نے کہا کہ میں اور حکومت پاکستان کی طرف سے یقینی دہانی کرواتا ہوں کہ ہمارا چینی صدر، عوام، سفیر اور آپ کے ساتھ یہ عزم ہے کہ چینی باشندے خوشحال پاکستان بنانے کی ہماری کوششوں کی سپورٹ کرنے کے لیے یہاں موجود ہیں، ان کی سیکیورٹی ہماری سیکیورٹی ہے، ہم آنے والے وقت میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں نے اس افسوسناک واقعے کے فوری بعد چینی سفارتخانے کا دورہ کیا اور اظہار تعزیت کیا تھا، میں نے اپنے بھائی سفیر کو یقین دہانی کروائی تھی کہ ہم یقینی طور پر مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، اور یقینی بنائیں گے کہ انہیں مثالی سزائیں دی جائیں کہ تاکہ کوئی بھی ایسے گھناؤنے جرائم کرنے کا سوچے بھی نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس حملے کی تحقیقات کے لیے میں نے اٴْسی دن مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی)، انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی تھی۔

انہوںنے کہاکہ ہم انکوائری کمیٹی کی تجاویزات پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے میں کوئی وقت ضائع نہیں کریں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس افسوس ناک واقعے کے اگلے روز ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا تھا، اور ہم نے تفصیلی جائزہ لیا تھا کہ کس طرح یہ واقعہ رونما ہوا تھا، اور سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ساتھ بہتر روابط کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا تھا۔

انہوںنے کہاکہ جائزہ لیا تھا کہ سیکیورٹی انتظامات کے لیے مزید کیا اقدامات اٹھانا ضروری ہیں، یہ اجلاس کئی گھنٹے جاری رہا تھا، جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزرا، سیکیورٹی ایجنسیوں کے سربراہان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی تھی۔شہباز شریف نے کہا کہ ایک اور جلاس میری سربراہی میں آئندہ چند روز میں منعقد ہوگا، میں اپنے چینی بہن بھائیوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ میں اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک ہم آپ کے لیے بہترین ممکنہ سیکیورٹی اقدامات نہیں کرلیتے۔انہوںنے کہاکہ میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم جلد ہی مجرموں کو پکڑ لیں گے، پاک۔چین اقتصادی راہداری کے دشمن کو شکست ہوگی۔

کوہستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں