ضلع کوٹلی میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبہ کیساتھ منایا گیا

صبح کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی جلد آزادی کیلئے دعائوںکیساتھ کیا گیا

ہفتہ 23 مارچ 2024 15:20

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) 23 مارچ کو ملک بھر کی طرح ضلع کوٹلی میں بھی یوم پاکستان ملی جوش و جذبہ کیساتھ منایا گیا،صبح کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی جلد آزادی کیلئے دعائوںکے ساتھ کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سی10:30 بجے پرچم کشائی کی تقریب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ڈی سی آفس کوٹلی میں منعقد ہوئی جہاں وزیر شہری دفاع و ڈیزاسٹر منیجمنٹ چوہدری عامر یاسین مہمان خصوصی تھے۔

وزیر شہری دفاع و ڈیزاسٹر منیجمنٹ چوہدری عامر یاسین اور ڈپٹی کمشنر چوہدری حق نواز نے پرچم کشائی کی ۔اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی ۔آخر میں پاکستان کی ترقی،خوشحالی و سلامتی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے دعا کی گئی۔

(جاری ہے)

تقریب میں مئیر بلدیہ چوہدری محمد تاج،اسسٹنٹ کمشنر نعیم اختر چوہدری،ڈی ایس پی افتخار حسین،صدر ڈسٹرکٹ بار چوہدری محمد رزاق،حریت کانفرنس کے رہنما محمود احمد قریشی،صدر انجمن تاجران کوٹلی محمد یعقوب ملک،تحصیل مفتی ارشد رضوی،اعجاز مغل تاجر رہنما،صدر ملازمین غیر جریدہ ضلع کوٹلی سردار گلفراز احمد،پیپلزپارٹی کے رہنما نصیر راٹھور،ایس ایچ اور عرفان بھٹی،اے ڈی شہری دفاع سردار تعظیم،اے ڈی ریسکیو 1122 شوکت ناز،آفیسر ریسکیو 1122 ماجد ملک اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

دن کے دوران ضلع کے مختلف تعلیمی اداروں میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقریری مقابلہ جات کرائے گئے اور سرکاری و دیگر اہم عمارات پر پاکستان و آزاد کشمیرکے پرچم لہرائے گئے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر حق نواز نے کہا کہ 23 مارچ یوم پاکستان کو بھرپور ملی جذبے کے ساتھ منانے کے لئے سول سوسائٹی اور سرکاری ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔

کوٹلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں