اگلے سال کے شروع میں ایک بڑا فرانسیسی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا ، فرانسیسی سفیر ،

باہمی تجارت بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کو ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہئیں، اعجاز اے ممتاز

پیر 24 نومبر 2014 19:18

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) فرانس کی سفیر مارٹین ڈورنس (Mrs. Martine Dorence)نے کہا ہے کہ اگلے سال کے شروع میں ایک بڑا فرانسیسی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا جس کا مقصد یہاں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لینا ہے۔ وہ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کررہی تھیں۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر سید محمود غزنوی ،ایگزیکٹو کمیٹی اراکین اور فرانسیسی سفارتخانے کے ہیڈ آف اکنامک ڈیپارٹمنٹ ایرک نوئیٹاکس نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

فرانسیسی سفیر نے کہا کہ تجارتی وفد کا دورہ نہ صرف دونوں ممالک کے تجارتی و معاشی تعلقات کو مستحکم کرے گا بلکہ مشترکہ منصوبہ سازی کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بڑی فرانسیسی کمپنیاں پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ تصور کرتیں اور یہاں سرمایہ کاری کے لیے بے چین ہیں۔

(جاری ہے)

بہت سی فرانسیسی کمپنیاں پہلے ہی پاکستان کے فارماسیوٹیکل، کیمیکلز، ٹیلی کمیونیکیشن ایکویپمنٹ، آئل مارکیٹنگ، ٹیکسٹائل اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبوں میں کام کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فرانس پاکستان کو مستحکم دیکھنا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے اپنے خطاب میں کہا کہ فرانس اْن ممالک میں سے ہے جوپاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرانس پاکستان کا اہم تجارتی حصے دار ہے اور اس کی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کو جی ایس پی سٹیٹس ملنے کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوگا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ دونوں ممالک میں بہت زیادہ پوٹینشل ہونے کے باوجود دوطرفہ تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر سے کم ہے لہذا باہمی تجارت بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کو ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ پاکستان کی فرانس کو برآمدات میں بیڈ لینن، ملبوسات، چاول، خام کپاس، فٹ ویئر، ہوزری آئٹمز اور کارپٹ وغیرہ جبکہ درآمدات میں ایئر کرافٹ پارٹس، ویکسین، پٹرولیم آئل اور الیکٹریکل اپلائنسز وغیرہ شامل ہیں۔ اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ فرانسیسی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پر آمادہ کرنے میں فرانسیسی سفارتخانہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لادھیوالا وڑائچ میں شائع ہونے والی مزید خبریں