لاہور چیمبر کا توانائی کے سراٹھاتے بحران پر گہری تشویش کا اظہار

متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ حالات پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائیں،مشترکہ بیان

جمعہ 3 اگست 2018 21:41

لاہور چیمبر کا توانائی کے سراٹھاتے بحران پر گہری تشویش کا اظہار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2018ء) لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے توانائی کے سراٹھاتے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ حالات پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائیں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ بجلی کی بڑھتی ہوئی قلت ،اس کے ساتھ پاور ڈسٹری بیوشن کے مسائل اور بڑھتا ہوا سرکلر ڈیبٹ سنگین حالات کو جنم دے رہے ہیں ، اس طرف فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے وافراور سستی بجلی ناگزیر ہے ، یہ ایک اہم معاشی اشاریہ بھی ہے جس کی دستیابی مقامی و غیرملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کی پیداوار کا انحصار فوسل فیول پر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پہلے ہی تاریخی تجارتی خسارے کا سامنا ہے، ایسے میں یہ مہنگے درآمد شدہ تیل سے بجلی کی پیداوار کا متحمل نہیں ہوسکتا لہذا حکومت ہائیڈرو ذرائع سے بجلی کی پیداوار بڑھانے پر توجہ دے۔

انہوں نے حکومت پر مزید زور دیا کہ وہ توانائی کی پیداوار کے منصوبے جلد مکمل کرے تاکہ بجلی کی قلت مینوفیکچرنگ سیکٹر کی پیداوار اور معاشی نشوونما کو متاثر نہ کرے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے بجلی کی بچت کے اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سرمائے کی بچت ہوگی، معیشت اورماحولیات دونوں کو فائدہ ہوگا، حکومت اس سلسلے میں ایک مہم شروع کرے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں