حکومت نے جولائی تادسمبر9.27ارب ڈالر قرض لیا

بدھ 26 جنوری 2022 20:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2022ء) وفاقی حکومت نے مالی سال کی پہلی ششماہی میں 9.27 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ حاصل کیا،صرف دسمبر میں 2021 میں قرض کی مد میں ریکارڈ ساڑھے 4 ارب ڈالر سے زائد فنڈز حاصل کیے گئے۔نجی ٹی وی نے وزارت اقتصادی امور ڈویژن کے حوالے سے کہا ہے کہ جولائی تا دسمبر 2021-22 کے دوران مختلف مالیاتی اداروں اور ممالک سے 9 ارب 27 کروڑ ڈالر کا ریکارڈ قرضہ حاصل کیا گیا جو پچھلے مالی سال کی اسی مدت میں حاصل کردہ 5.7 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے کے مقابلے میں ساڑھے 3 ارب ڈالر زیادہ ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق بیرونی قرضہ بجٹ فنانسنگ، پرانے قرضے چکانے، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے اوربعض ترقیاتی منصوبوں اور اصلاحاتی پروگراموں کیلئے حاصل کیا گیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ 6 ماہ میں مختلف عالمی مالیاتی اداروں سے 2 ارب 82 کروڑ 66 لاکھ ڈالر قرض حاصل کیا گیا، اس دوران سعودی عرب نے سیف ڈپازٹس کی مد میں پاکستان کو 3 ارب ڈالر فراہم کیے۔ایشیائی ترقیاتی بینک نی1 ارب ڈالر سے زیادہ، ورلڈ بینک نے 80 کروڑ 70 لاکھ ڈالر جبکہ اسلامی ترقیاتی بینک نے بھی 80 کروڑ ڈالر بطور قرض فراہم کئے۔

دستاویز کے مطابق اس دوران 1 ارب ڈالر کا یورو بانڈ بھی جاری کیا گیا اور دبئی بینک سمیت عالمی بینکوں سے 2 ارب ڈالر سے زیادہ کا مہنگا کمرشل قرضہ بھی حاصل کیا گیا۔دستاویز کے مطابق چین، فرانس، جرمنی جاپان اور کوریا نے دوطرفہ قرض کی مد میں 9 کروڑ 38 لاکھ ڈالر فراہم کئے۔ اس کے علاوہ جولائی تا دسمبر 2021 ایک کروڑ 58 لاکھ ڈالر کی گرانٹ بھی حاصل ہوئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں