سینٹ انتخابات میں ووٹوں کی خریدوفروخت کی بازگشت دور تک سنائی دے رہی ہے‘میاں مقصود احمد

کرپٹ عناصر نے سارے نظام کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے،الیکشن کمیشن کو اپنی ذمہ داریاں اداکرنی ہوں گی‘امیرجماعت اسلامی پنجاب

پیر 23 اپریل 2018 19:32

سینٹ انتخابات میں ووٹوں کی خریدوفروخت کی بازگشت دور تک سنائی دے رہی ہے‘میاں مقصود احمد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اورامیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ چیئرمین سینٹ کے انتخاب میں تجوریوں کے منہ کھولنے اور ارکان کی خریدوفروخت سے سینٹ کاانتخابی عمل ہی متنازعہ ہوگیا ہے مگر الیکشن کمیشن خواب خرگوش میں مصروف ہے۔ جب تک ملک میں احتساب کے نظام کو پنپنے کاموقع نہیں ملے گا تب تک پاکستان میں شفاف انتخابات کاانعقاد ناممکن ہے۔

الیکشن کمیشن کو اپنی آئینی وقانونی ذمہ داریاں اداکرنی ہوں گی بصورت دیگر ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون کاتاثر مضبوط سے مضبوط ترہوتاچلاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ کرپٹ عناصر اور ووٹوں کی خریدوفروخت کرنے والے افراد کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کو سخت اقدامات کرنے ہوں گے۔

(جاری ہے)

جاگیرداروں،سرمایہ داروں،وڈیروں اور کرپٹ عناصر نے سارے نظام کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس ثاقب نثارکی طرف سے پنجاب میں تعلیم کی صورتحال پر تشویش کااظہار اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت جہاں ایک طرف عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے وہاں دوسری طرف اس نے شعبہ تعلیم کے ساتھ بھی سوتیلی ماں جیساسلوک روارکھا ہواہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت ڈھائی کروڑ بچے اسکول جانے کی عمر میں ہیں مگروہ مختلف کارخانوں،ہوٹلوں،ورکشاپوں پر محنت مزدوری کررہے ہیں۔

موروثیت اوراقرباپروری نے اداروں تک کابیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔ملک وقوم کی پائیدارترقی وخوشحالی کے لیے حکمرانوں کو اپنی روش بدلنی ہوگی۔میاں مقصوداحمد نے مزید کہاکہ عوامی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتاچلاجارہا ہے۔غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔موجودہ حکمران ہرلحاظ سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔عوام میں موجودہ حکمرانوں کی کارکردگی کے حوالے سے مایوسی بڑھتی چلی جارہی ہے۔ملک وقوم اس وقت نازک دور سے گزرہاہے۔ہمیں اتحاد ویکجہتی مظاہرہ کرنا ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں