قوم اپنی حقیقی منزل سے زیادہ دور نہیں ،25جولائی کو ملک کی درست سمت کا تعین ہوگا : مسرت چیمہ

اتوار 22 جولائی 2018 18:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2018ء) تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی حقیقی منزل سے زیادہ دور نہیں اور انشا اللہ 25جولائی کو ملک کی درست سمت کا تعین ہوگا ،پانامہ اور ایفی ڈرین والے جتنا مرضی واویلہ کر لیں انہیں عوام کی ہمدردیاں نہیں ملیں گی ، ملکی خزانے کی لوٹ سیل لگانے والے کڑے احتساب کیلئے تیار رہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 127 سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ کی انتخابی مہم کے دوران پارٹی کے متحرک اور دیرینہ کارکنوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔مسرت چیمہ نے کہا کہ عمران خان کے انتخابی جلسے کے بعد حلقے کی عوام میں نیا جوش و ولولہ بیدار ہوا ہے اور اب دنیا کی کوئی طاقت پی ٹی آئی کو کامیابی سے نہیں روک سکتی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ میں نقب لگانا (ن) لیگ کا وطیرہ ہے اورہم نے پیشگی منصوبہ بندی سے ایسے تمام ہتھکنڈوں کو ناکام بنانا ہے ۔ ایک طرف شہباز شریف دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں اور دوسری طرف مرکز اور چاروں صوبوں میں حکومت بنانے کے دعوے بھی کر رہے ہیں جو مضحکہ خیز ہے ۔ خدارا ریاستی اداروں کو متنازعہ بنانے سے گریز کریں ۔ (ن) لیگ والوں کو پہلی مرتبہ سرکاری مشینری کی آشیر باد کے بغیر انتخاب لڑنا پڑ رہا ہے اس لئے واویلہ کیا جارہا ہے ۔ جس کسی نے بھی ملکی خزانہ لوٹا ہے اس کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہیے اور یہ دولت واپس لے کر ملک و قوم کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونی چاہیے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں