نواز شریف کا اجازت کے بعد اہلیہ کی نماز جنازہ کے انتظامات کا جائزہ

نماز جنازہ کے انتظامات ٹھیک ہونے چاہئیں‘ کسی کو جنازہ گاہ میں کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے‘ نواز شریف کی ہدایت شہریوں کی نواز شریف اور دیگر لیگی رہنمائوں سے شریف میڈیکل سٹی میں ملاقات‘ کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار

جمعرات 13 ستمبر 2018 21:58

نواز شریف کا اجازت کے بعد اہلیہ کی نماز جنازہ کے انتظامات کا جائزہ
لاہور جاتی امرائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2018ء) سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد نواز شریف نے پیرول پر رہائی کے بعد جاتی امرا سے ملحق شریف میڈیکل سٹی کا دورہ کیا اور اپنی اہلیہ کلثوم نماز کی نماز جنازہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔نواز شریف پیرول پر موجود اپنے داماد کیپٹن (ر) صفدر، جنید صفدر اور سلیمان شہباز کے ہمراہ سخت سیکیورٹی حصار میں جنازہ گاہ دورہ کیا۔

نواز شریف نے ہدایت کی کہ نماز جنازہ کے انتظامات ٹھیک ہونے چاہئیں اور کسی کو جنازہ گاہ میں کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔اس موقع پر شہریوں نے نواز شریف اور دیگر لیگی رہنماں سے شریف میڈیکل سٹی میں ملاقات کی اور کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج لندن میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد ان کی میت کو پاکستان لایا جائے گا۔

سابق خاتون اول کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن کے ریجنٹ پارک کی مسجد میں وہاں کے مقامی وقت 12 بجکر 15 منٹ (پاکستانی وقت 4 بجکر 15 منٹ ) پر ادا کی جائے گی اور اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔اس حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک رہنما نے بتایا کہ حسن اور حسین نواز کے پاکستان نہ آنے کی وجہ سے کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن میں بھی ادا کی جائے گی۔

جمعہ کو شام 5 بجے جاتی امرا سے ملحق شریف میڈیکل سٹی میں کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد کلثوم نواز کی تدفین جاتی امرا میں ان کے سسر میاں شریف اور دیور عباس شریف کی قبروں کے قریب کی جائے گی۔قبل ازیں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کے جسد خاکی کو پاکستان لانے کے لیے ان کے بھائی شہباز شریف اپنے بیٹے حمزہ شہباز کے ہمراہ گزشتہ شب لندن پہنچے تھے۔

شہباز شریف کے لندن پہنچنے کے موقع پر کافی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور حسین نواز اپنے چاچا سے گلے لگ کے بے ساختہ روئے۔دوسری جانب غم زدہ شریف خاندان سے اظہار تعزیت کے لیے رہنماں اور کارکنوں کی جاتی امرا آمد کا سلسلہ جاری ہے۔خیال رہے کہ سابق وزیرِاعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز 11 ستمبر کو طویل علالت کے بعد 68 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کرگئی تھیں۔نواز شریف کی اہلیہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں اور لندن کے ایک نجی ہسپتال ہارلے اسٹریٹ کلینک میں زیرِ علاج تھیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں