سعودی عرب کی سی پیک میں شمولیت سے پاک سعودی عرب چین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ، سعودی عرب کی سی پیک میں شمولیت کی مخالفت صرف پاکستان دشمن ہی کر سکتے ہیں ، پاک سعودی عرب تعلقات کے استحکام اور عالم اسلام کے اہم مسائل پر ’’وحدت اُمت کانفرنس‘‘ 25 ستمبر کو اسلام آباد میں ہو گی ، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

اتوار 23 ستمبر 2018 18:10

لاہور۔23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2018ء) سعودی عرب کی سی پیک میں شمولیت سے پاک سعودی عرب چین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ، سعودی عرب کی سی پیک میں شمولیت کی مخالفت صرف پاکستان دشمن ہی کر سکتے ہیں ، سعودی عرب نے ہر مشکل مرحلے پر پاکستان کی مدد کی ہے ، پاک سعودی عرب تعلقات کے استحکام اور عالم اسلام کے اہم مسائل پر ’’وحدت اُمت کانفرنس‘‘ 25 ستمبر کو اسلام آباد میں ہو گی ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاک عرب کونسل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا اسد اللہ فاروق ،مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا اسید الرحمن سعید ، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا عثمان بیگ فاروقی اور علامہ طاہر الحسن بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے بعد توقع کی جاتی ہے کہ پاکستان کے تعلقات اپنے دوست ممالک سے مزید بہتر ہوں گے اور عرب ممالک اور پاکستان کے درمیان سردمہری ختم ہوگی، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے ہر سطح پر کوششیں کی جا رہی ہیں اور سعودی قیادت کی طرف سے قیدیوں کی رہائی کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کاپاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے کا اعلان پاکستان ، سعودی عرب اور چائنہ کے تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور پاکستان کومعاشی اور اقتصادی طور پر بھرپور مدد ملے گی ، سعودی عرب کے سی پیک میں شامل ہونے سے صرف پاکستان دشمن قوتیں پریشان ہوں گی، سعودی عرب کے 88 ویں قومی دن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آل سعود نے گذشتہ 88 سالوں میں حجاج اور زائرین کی جو خدمت کی ہے وہ قابل قدر ہے اور پاکستانی قوم اور امت مسلمہ اسے فخر اور اعزاز کے ساتھ دیکھتی ہے ، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے اور کسی کو بھی سعودی عرب کو غیر مستحکم نہیں کرنے دیںگے ، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کسی بھی گروہ یا فتنے کو ارض الحرمین الشریفین کے امن اور سلامتی سے نہیں کھیلنے دے گی ،انہوں نے سعودی عرب کے 88 ویں قومی دن کے موقع پر سعودی عرب کی قیادت اور عوام کو مبارک باد پیش کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں