پنجاب حکومت کا سابق دور حکومت کے تمام پراجیکٹس مکمل کرنے کا فیصلہ

پی کے ایل آئی، اورنج ٹرین منصوبہ، پاور پراجیکٹس، محکمہ صحت اور تعلیم کے تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 24 ستمبر 2018 14:39

پنجاب حکومت کا سابق دور حکومت کے تمام پراجیکٹس مکمل کرنے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2018ء) پنجاب حکومت نے سابق دور کے تمام میگا پراجیکٹس جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے سابق حکومت کے دور میں شروع ہونے والے تمام میگا پراجیکٹس جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق پی کے ایل آئی، اورنج ٹرین منصوبہ، پاور پراجیکٹس، محکمہ صحت اور تعلیم کے تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔

جاری میگا پراجیکٹ کیلئے پنجاب حکومت نے 2018-2019 کے بجٹ میں فنڈز مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلہ میں سمری منظوری کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کردی گئی ہے سیکرٹری محکمہ خزانہ حامد یعقوب شیخ نے بھی تصدیق کی ہے ۔واضح رہے سابق دور حکومت میں شروع کیے گئے کئی ترقیاتی پراجیکٹس ابھی تک نا مکمل ہیں جن پر اربوں روپے لاگت آ چکی ہے۔

(جاری ہے)

جس میں سب سے بڑا اور اہم منصوبہ اورنج لائن میٹرو ٹرین ہے۔

سابق حکومت میں پراجیکٹس کو بروقت مکمل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز جاری کئے گئے تھے،میٹرو لائن منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے کئی بار تاریخیں بھی دی گئیں تا ہم اب تک یہ منصوبہ مکمل نہیں ہو سکا ہے۔پنجاب میگا پراجیکٹس کے ٹھیکوں سے متعلق کیس سپریم کورٹ میں بھی چل رہا ہے۔جس میں چیف جسٹس نے بھی منصوبے کے بروقت مکمل نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا جب کہ غیر معیاری کام کی بھی شکایت کی تھی۔

پنجاب کی عوام بھی اس بات کی منتطر ہے کہ کب پنجاب میں جاری میگا پراجیکٹس مکمل ہوں  گے تا کہ وہ بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔تاہم اب موجودہ پنجاب حکومت نے اس حوالے سے اہم فیصلہ کیا ہے اور سابق دور حکومت میں شروع کیے گئے تمام پراجیکٹس مکمل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی کے ایل آئی، اورنج ٹرین منصوبہ، پاور پراجیکٹس، محکمہ صحت اور تعلیم کے تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں