پنجاب پولیس نے جاتی امرا کو دی گئی سکیورٹی واپس لے لی

پنجاب پولیس نے 11 ستمبر کو بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر جاتی امرا کو سکیورٹی فراہم کی تھی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 25 ستمبر 2018 13:40

پنجاب پولیس نے جاتی امرا کو دی گئی سکیورٹی واپس لے لی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر 2018ء) : پنجاب پولیس نے رائے ونڈ روڈ پر جاتی امرا کو دی جانے والی سکیورٹی واپس لے لی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے جاتی امرا کی سکیورٹی واپس لیتے ہوئے شریف خاندان کی رہائش گاہ پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کو واپس بُلا لیا ہے۔ذرائع کے مطابق جاتی امرا کی سکیورٹی پر 4 اے ایس آئی اور 43 اہلکاروں پر مشتمل سکیورٹی سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی وفات کے بعد تعینات کی گئی تھی جسے واپس بُلا لیا گیا ہے جبکہ رہائش گاہ کی سکیورٹی کے لیے حوالدار سمیت 4 اہلکار اب بھی تعینات ہیں۔

جاتی امرا سےاضافی سکیورٹی واپس لئے جانے پر مسلم لیگ ن نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر 11 ستمبر کو پنجاب پولیس نے جاتی امرا کو سکیورٹی فراہم کی تھی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی اڈیالہ جیل سے پیرول پررہائی اور لاہور جاتی امرا میں منتقلی کے موقع پر بھی جاتی امرا کی سکیورٹی سخت رکھی گئی تھی۔

جس کےبعد اڈیالہ جیل سےسابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت پر رہائی کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امرا کے باہر سکیورٹی ناکہ لگایا گیا ، جاتی امرا کے باہر سکیورٹی ناکہ لگا کر عام افراد کی آمدورفت بند کردی گئی ۔ جاتی امرا کے باہر لگے ناکے پر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی ۔

نوازشریف کی رہائش گاہ کے باہرکارکن بھی موجود تھے اور نوازشریف کے حق میں نعرے بازی کر رہے تھے لیکن سخت سکیورٹی کی وجہ سے کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اور کارکنوں کو داخلے سے بھی روک دیا گیا ۔ دو روز قبل بھی جاتی امرا کی سکیورٹی کو اچانک سخت کر دیا گیا تھا۔ تاہم اب پنجاب پولیس نے جاتی امرا کی سکیورٹی واپس لے لی ہے جس کے تحت جاتی امرا کی سکیورٹی پر مامور کیے جانے والے پولیس اہلکاروں کو واپس بُلا لیا گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں