ڈان بریڈ،سنی بریڈ اوریاسربروسٹ کوبھاری جرمانے،نوٹسزجاری

معروف یاسربروسٹ خراب آئل، ناقص اجزاء کےاستعمال پرسربمہر، کوٹ لکھپت میں ڈان بریڈ اورسنی بریڈ کو2،2 لاکھ جرمانہ، 3 دن کےوارننگ نوٹس جاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 25 ستمبر 2018 18:40

ڈان بریڈ،سنی بریڈ اوریاسربروسٹ کوبھاری جرمانے،نوٹسزجاری
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 ستمبر 2018ء) صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری اورڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سربراہی میں رات گئے انڈسٹریل اسٹیٹ میں ریسٹورنٹس اور پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ کی گئی۔فیصل ٹاؤن میں معروف فاسٹ فوڈ پوائنٹ یاسر بروسٹ کو بدترین صفائی پر سر بمہرجبکہ کوٹ لکھپت انڈسٹریل اسٹیٹ میں ڈان بریڈ اور سنی بریڈ بنانے والوں کو قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھاری جر مانے عائد کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے رات گئے ڈی جی فوڈ اتھارٹی اور صوبائی وزیر خوراک کی سربراہی میں کوٹ لکھپت اور گردونواح میں ریسٹورنٹس اور پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ کی۔فیصل ٹاؤن میں چیکنگ کے دوران معروف فاسٹ فوڈ پوائنٹ یاسر بروسٹ کوناقص اشیاء ،خراب آئل کے استعمال اور صفائی کے بد ترین انتظامات پر سیل کیا گیا۔

(جاری ہے)

مزید برآں کوٹ لکھپت میں ڈان بریڈ اور سنی بریڈ بنانے والے کو 2،2 لاکھ کے جرمانے عائد کر نے کے ساتھ ساتھ 3 دن کے وارننگ نوٹس بھی جاری کیے گئے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق سنی بریڈ کوپروڈکشن ایریا میں اشیائے خورونوش کی تیاری کے ناقص عمل، کولڈ سٹور کا درجہ حرارت ذیادہ ہونے اورزنگ آلود فریزرز کے استعمال پر جر مانہ عائد کیا۔ڈان بریڈ کو تمام ورکرز کے میڈیکلز کی عدم دستیابی، اشیائے خورونوش کی تیاری میں استعمال ہونے والے پانی کے ٹیسٹ ، فلٹرز کی تبدیلی کا ریکارڈ نہ ہو نے اور صفائی کے ناقص انتظامات پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

بریڈ کا استعمال ناشتے، فاسٹ فوڈ اور دیگر اقسام کے پکوانوں میں کیا جاتاہے۔ ناقص اور غیر معیاری بریڈنظام انہضام کو شدید متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ معدے کی متعدد بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔اس موقع پرصوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری کا کہنا تھا کہ بریڈ پروڈکشن یونٹس کے کام کے پیشِ نظر رات گئے چیکنگ کی گئی۔ ان کامزید کہنا تھا کہ عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی کے لیے 24 گھنٹے بھی کام کرنا پڑا تو کریں گے۔وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق قوم کو بہترین خوراک مہیا کرنے کا مشن ہر صورت پوراکریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں