آئی جی پنجاب محمد طاہرکی تبدیلی کے پس پردہ کہانی سامنے آ گئی

آئی جی پنجاب سانحہ ماڈل ٹاون میں ملوث افسران کو ہٹانے سے انکار کررہے تھے،چئیرمین پولیس ریفارمز کمیشن ناصر درانی اور آئی جی پنجاب میں اختیارات کی جنگ بھی وجہ بنی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 9 اکتوبر 2018 18:57

آئی جی پنجاب محمد طاہرکی تبدیلی کے پس پردہ کہانی سامنے آ گئی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 اکتوبر 2018ء) آئی جی پنجاب محمد طاہر کو ہٹائے جانے کے پس پردہ اصل کہانی کا پردہ چاک ہوگیا۔ آئی جی پنجاب سانحہ ماڈل ٹاون میں ملوث ملزمان کو ہٹانے کی راہ میں رکاوٹ بن رہے تھے جبکہ چئیرمین پولیس ریفارمز کمیشن ناصر درانی اور آئی پنجاب میں اختیارات کی سرد جنگ بھی چل رہی تھی۔تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے آئی جی پنجاب کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آئی جی پنجا ب کو کچھ معاملات پر فوری عمل کا کہاجس میں تاخیر ہوئی۔آئی جی پنجاب کوہٹا کربیوروکریسی کو پیغام دے دیا ہے جوکام کرے گا وہ رہے گا۔انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کو حکومتی احکامات نہ ماننے کے تناظر میں عہدے سے ہٹایا گیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے تازہ ترین خبر کے مطابق آئی جی پنجاب محمد طاہر کو تبدیل کرنے کے پس پردہ حقائق منظرعام پر آگئے۔

نجی ٹی وی کی خبر کے مطابق آئی جی پنجاب کو جن احکامات میں تاخیر کے باعث ہٹایا گیا ان میں سب سے بڑا اور اہم حکم سانحہ ماڈل ٹاون میں ملوث پولیس افسران کو ہٹانے کا معاملہ تھا۔حکومت چاہتی تھی کہ سانحہ ماڈل ٹاون میں ملوث ملزمان کوہٹا دیا جائے جبکہ آئی جی پنجاب اس حکم کے مخالف تھے۔اس کے علاوہ آئی جی پنجاب اور حکومت کے منظور نظر سابق آئی جی خیبر پختونخواہ اور چئیرمین پولیس ریفارمز کمیٹی ناصر درانی میں اختیارات کی جنگ بھی چل رہی تھی۔

ناصر درانی اپنی مرضی کی پوسٹنگ چاہتے تھے جبکہ آئی جی پنجاب اس راہ میں رکاوٹ بن رہے تھے۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئی جی پنجاب کی تبدیلی کا نوٹس لیتے ہوئے نئے آئی جی پنجاب کی تقرری کو روک دیا ہے۔ جبکہ آئی جی پنجاب طاہر خان کوعہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن بھی معطل کردیا ہے۔ ضمنی انتخابات کے باعث سرکاری ملازمین کے تبادلوں اور تقرریوں پر پابندی عائد ہے، الیکشن کمیشن آئی جی کی تبدیلی کے آرڈرکو روکنے کا اختیار رکھتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے 2روز میں جواب طلب کرلیا ہے

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں