اطلاعات ہیں این اے131میں ن لیگ جیت چکی،سعد رفیق

ن لیگ ہزاروں ووٹوں سے جیت چکی، مطالبہ کرتا ہوں جلد رزلٹ جاری کیا جائے، اگر ہمارے نتائج میں ردوبدل کیا گیا توشدید احتجاج کریں گے۔ ن لیگ کے امیدوار خواجہ سعد رفیق

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 14 اکتوبر 2018 19:43

اطلاعات ہیں این اے131میں ن لیگ جیت چکی،سعد رفیق
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 اکتوبر 2018ء) مسلم لیگ ن کے این اے 131میں امیدوار خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم الیکشن جیت چکے ہیں، مجھے عام انتخابات میں چند ووٹوں سے ہرایا گیا تھا، تاہم اب قومی اسمبلی کی سیٹ جیت گئے ہیں۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ ن این اے 131میں ن لیگ جیت چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی ڈیفنس کے بعض پولنگ اسٹیشنز کا رزلٹ نہیں دیا جارہا ہے۔

ہمارے لوگ وہاں انتظار کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس بار کوئی سینہ زوری نہیں چلے گی۔ اگر ہمارے نتائج میں ردوبدل کیا گیا توشدید احتجاج کیا جائے گا۔ہم کسی سے جھگڑا نہیں کرنا چاہتے ہمیں مجبور نہ کیا جائے گا۔ خواجہ سعد رفیق کومدمقابل پی ٹی آئی کے امیدوار ہمایوں اختر سے برتری حاصل ہے۔

(جاری ہے)

این اے 131سے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ سعد رفیق 21174 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں۔

جبکہ تحریک انصاف کے امیدوارہمایوں اختر خان 19907 ووٹ لیکر پیچھے ہیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات میں پولنگ کے عمل کے دوران کل 23 شکایا ت موصول ہوئیں۔ انٹرنیٹ ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ 84 فیصد رہا ہے۔ قومی اسمبلی کیلئے5 ہزار117 انٹرنیٹ ووٹ کاسٹ ہوئے، صوبائی اسمبلی کیلئے ایک ہزار 116 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔ اسی طرح الیکشن میں76 فیصد اوورسیز پاکستانیوں نے ووٹ کاسٹ کیے۔

واضح رہے ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے35 حلقوں میں ضمنی الیکشن 2018ء کیلئے پولنگ کا عمل صبح8 بجے شروع ہوا۔ جو کہ شام5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ ضمنی الیکشن کے موقع پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ ساتھ باقی تمام متعلقہ ادارے ریسکیو1122، سول ڈیفنس و دیگر بھی الرٹ ہیں۔ الیکشن میں پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

اسی طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات والے 35 حلقوں کے لئے پانچ خصوصی صنفی شکایات ڈیسک قائم کردئیے ہیں۔الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ڈیسک چاروں صوبوں اور ایک ڈیسک الیکشن کمیشن آفس اسلام آباد میں قائم کیا گیا۔ ضمنی انتخابات کیلئے اسلام آباد ہیڈ کوارٹرز میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کنٹرول روم انتخابی نتائج مکمل ہونے تک کام جاری رکھے گا۔ کنٹرول روم نے ادارے میں ایک علیحدہ شکایت سیل قائم کیا ہے جو ضمنی انتخابات کے حوالے سے شکایات وصول کرے گا۔انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج اور سہولیات فراہم کرنے کا ایک مرکز بھی قائم کیاگیا ہے جو چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں