وزیراعلیٰ سے انٹرامتحانات میں تھرڈ پوزیشن حاصل کرنیوالی یتیم طالبہ عظمیٰ وارث کی ملاقات،5لاکھ روپے کا چیک دیا

کم وسائل کے باوجود شاندار نمبر لینے پر عظمیٰ وارث اور انکی والدہ کو مبارکباد،آئندہ کے تعلیمی اخراجات پنجاب حکومت برداشت کریگی قوم کو ایسی بیٹیوں کی قابلیت ، محنت ،صلاحیت اور ذہانت پر فخر ہے ، عظمیٰ وارث جیسی بیٹیاں قوم کی امید کی کرن ہیں‘وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

پیر 15 اکتوبر 2018 19:50

وزیراعلیٰ سے انٹرامتحانات میں تھرڈ پوزیشن حاصل کرنیوالی یتیم طالبہ عظمیٰ وارث کی ملاقات،5لاکھ روپے کا چیک دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں تھرڈ پوزیشن حاصل کرنے والی لاہور کے نواحی گاؤں پانڈو کی کی رہائشی یتیم طالبہ عظمیٰ وارث نے اپنی والدہ کے ہمراہ ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کم وسائل کے باوجود انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں شاندار نمبر لینے پر طالبہ عظمیٰ وارث اور ان کی والدہ کو مبارکباد دی۔

وزیراعلیٰ نے یتیم طالبہ عظمیٰ وارث کو5 لاکھ روپے کا چیک اور گلدستہ دیا۔ وزیراعلیٰ نے طالبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے نامساعد حالات کے باوجود نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے اور ہمیں آپ پر فخر ہے۔ آپ جس تعلیمی ادارے میں مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں، پنجاب حکومت آپ کی ہرممکن معاونت کرے گی اور آپ کے تعلیمی اخراجات بھی پنجاب حکومت ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

تعلیم کے ساتھ علاج معالجہ بھی مفت فراہم کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ عظمیٰ وارث جیسی ذہین طالبات قوم کا روشن مستقبل ہیں۔ قوم کی اس بیٹی نے مشکل حالات میں ہمت اور محنت کر کے نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور وسائل نہ ہونے کے باوجود باہمت اور پرعزم بیٹی نے محنت کے ساتھ اپنا راستہ خود بنایا ہے۔عظمیٰ وارث کو پڑھانے میں اس کی والدہ اور اساتذہ کا کردار بھی لائق تحسین ہے اور قوم کو ایسی بیٹیوں کی قابلیت ، محنت ،صلاحیت اور ذہانت پر فخر ہے ۔

انہوںنے کہا کہ عظمیٰ وارث جیسی بیٹیاں قوم کی امید کی کرن ہیں۔ عظمیٰ وارث جیسی بچی نے محدود وسائل میں رہتے ہوئے روشنی اور امید کا مینار قائم کیا ہے ۔ نیا پاکستان بنانے کیلئے عظمیٰ وارث جیسی بیٹیوں کو سروں کا تاج بنانا ہو گا۔ اس موقع پر عظمیٰ وارث کی والدہ، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل، سیکرٹری اطلاعات اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ عظمیٰ وارث کے والداس دنیا میں نہیں جبکہ والدہ گھروں میں کام کرکے روزی روٹی کماتی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں