حمزہ شہباز کو آف لوڈ نہیں کیا گیا

حمزہ شہباز کو امیگریشن کاؤنٹر سے واپس بھیجا گیا ہے۔ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 دسمبر 2018 13:43

حمزہ شہباز کو آف لوڈ نہیں کیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 دسمبر 2018ء) : ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کو طیارے سے آف لوڈ نہیں کیا گیا۔ حمزہ شہباز دہشتگرد نہیں ہیں۔ وہ ایک ذمہ دار شہری اور سیاستدان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کو امیگریشن کاؤنٹر پر بتایا گیا کہ ان کا نام بلیک لسٹ میں ہے، انہیں جہاز سے آف لوڈ نہیں کیا گیا بلکہ امیگریشن کاؤنٹر سے ہی واپس بھیج دیا گیا۔

بتایا جائے کہ کس قانون کے تحت حمزہ شہباز کا نام بلیک لسٹ میں ڈالا گیا ہے؟ خیال رہے کہ حمزہ شہباز نے بھی طیارے سے آف لوڈ کیے جانے کی خبروں کی تردید کی تھی۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ میں امیگریشن کاؤنٹر پہنچا تو مجھے بتایا گیا کہ میرا نام بلیک لسٹ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب میں ہونے والی انکوائری میں میں مطلوب نہیں ہوں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل ایف آئی اے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی بیرون ملک روانگی کی کوشش ناکام بنا دی اور انہیں جہاز سے آف لوڈ کر دیا۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز غیرملکی ائیر لائن کی پرواز سے اپنے بھائی سے ملاقات کے لیے بیرون ملک روانہ ہو رہے تھے کہ ایف آئی اے نے انہیں بیرون ملک جانے سے روک دیا۔ ایف آئی اے ذرائع نے حمزہ شہباز کو جہاز سے آف لوڈ کرنے کی تصدیق بھی کر دی۔ ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ حمزہ شہباز غیر ملکی ائیر لائن قطر ائیرویز کی پرواز 620 سے دوحہ روانہ ہو رہے تھے کہ انہیں جہاز سے آف لوڈ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حمزہ شہباز پر نیب کیس ہے اور انہیں بیرون ملک جانے سے ممکنہ طور پر اسی لیے روکا گیا ہے کیونکہ ان پر نیب انکوائری چل رہی ہے۔خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادوں حمزہ شہباز اورسلمان شہباز کے خلاف غیر قانونی پل اور 56 کمپنیوں سے مبینہ تعلق کی تحقیقات جاری ہیں۔ نیب حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی بھی تحقیقات کررہا ہے ۔ حمزہ شہباز نے گرفتاری سے بچنے کے لیے حفاظتی ضمانت بھی لے رکھی ہے۔ یاد رہے کہ شہباز شریف پہلے ہی نیب حراست میں ہیں جبکہ ان کے دونوں بیٹوں پر بھی انکوائری چل رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں