شہباز شریف کو لاہور میں موجود ہونے کی صورت میں 21 دسمبر کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائیگا

جمعرات 13 دسمبر 2018 15:37

شہباز شریف کو لاہور میں موجود ہونے کی صورت میں 21 دسمبر کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائیگا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) آشیانہ اقبال ہائوسنگ سکیم کیس میں گرفتار قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو لاہور میں موجود ہونے کی صورت میں 21 دسمبر کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف اس وقت قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے اسلام آباد میں موجود ہیں۔

جمعرات 13دسمبر کو شہباز شریف کا جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونا تھا اس سلسلے میں سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کے حکام نے احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن کی عدالت میں پیش ہو کر جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے اور شہباز شریف کے اسلام آباد میں موجودگی کی اطلاع عدالت کو دی۔ جیل حکام نے عدالت کو شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ اور قومی اسمبلی کے جاری اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کی شرکت بارے بھی آگاہ کر دیا۔

(جاری ہے)

نیب ذرائع کے مطابق عدالت نے قومی اسمبلی کا اجلاس ختم ہونے اور لاہور میں موجودگی کی صورت میں شہباز شریف کو کیس کے دیگر ملزموں کے ساتھ 21دسمبر کو احتساب عدالت پیش کرنے کی اجازت دے دی۔ نیب ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کے حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔نیب ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس ختم ہونے پر شہباز شریف کو واپس لاہور لایا گیا اور وہ لاہور میں موجود ہوئے تو 21 دسمبر کو احتساب عدالت کے جج نجم الحسن کے روبرو پیش کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں