عمران خان کے سا تھ مل کر پاکستان کو مدینے کی ریاست بنائیں گے‘فیاض الحسن چوہان

کوئی چور لٹیرا اربوں کھربوں لوٹ کر سینے پر مونگ دلنے کی کوشش کرے گا تو اسے نشان عبرت بنا دیں گے ‘صوبائی وزیر

منگل 8 جنوری 2019 19:54

عمران خان کے سا تھ مل کر پاکستان کو مدینے کی ریاست بنائیں گے‘فیاض الحسن چوہان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2019ء) صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے والا قائد نہ اس سے پہلے کوئی تھا نہ اب کوئی اور ہو گا، میں قاضی حسین احمد کو اپنا روحانی استاد مانتا ہوں ان سے ہم نے ہمت جو ش و ولولہ سیکھاہے اورانہی سے حق کی خاطر ڈٹ جانا، لڑنا اور مرنا سیکھاہے ،میں نے 1996کے دھرنوں میں قاضی حسین احمد کو گولیوں اور لاٹھیوں کے سامنے ہمت و جرات کے ساتھ ڈٹے ہوئے دیکھا ہے،تب قاضی حسین احمد نے مجھے کہا تھاکہ قیادت کی سب سے اہم خصوصیت ہمت و جرات ہی ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے پلاک میں امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد مرحوم کی نایاب تصاویر کی نمائش کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قاضی حسین احمد صاحب سے میراجذباتی اور والہانہ تعلق ہے۔

(جاری ہے)

میں یہ سمجھتا ہوں کہ پاکستانی سیاست میں قاضی حسین احمد جیسا لیڈر ڈھونڈنا بہت مشکل ہے۔ فیاض الحسن چوہان کامزیدکہناتھاکہ میںعمران خان کی قیادت میں کاغذی شیروں، زرداریوں اور مداریوں کے خلاف قاضی حسین احمد کی سکھائی ہوئی جرات کے ساتھ کھڑا ہوںکیونکہ قاضی حسین احمد اور عمران خان کاموٹو ایک ہی ہے۔

جن کرگسوں کے خلاف قاضی صاحب نے دھرنے دئیے تھے انہی کے خلاف ہم بھی عمر ان خان کی قیادت میں جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہم عمران خان کے سا تھ مل کر پاکستان کو مدینے کی ریاست بنائیں گے ۔اگریہاں کوئی چور لٹیرا اربوں کھربوں لوٹ کر سینے پر مونگ دلنے کی کوشش کرے گا تو انشاء اللہ اسے نشان عبرت بنا دیں گے اور قاضی حسین جیسے لیڈرکا نام رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق، سمیعہ راحیل قاضی، ڈی جی پلاک صغریٰ صدف ، صدر جماعت اسلامی یوتھ ونگ زبیر احمد گوندل سمیت یوتھ ونگ کے نوجوانوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں