پاکستان کے کروڑوں عوام نواز شریف کی صحت اور زندگی کے حوالے سے فکر مند اور تشویش میں مبتلا ہیں ‘ مسلم لیگ (ن)

جمعرات 24 جنوری 2019 14:49

پاکستان کے کروڑوں عوام نواز شریف کی صحت اور زندگی کے حوالے سے فکر مند اور تشویش میں مبتلا ہیں ‘ مسلم لیگ (ن)
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوںنے کہا ہے کہ پاکستان کے کروڑوں عوام نواز شریف کی صحت اور زندگی کے حوالے سے فکر مند اور تشویش میں مبتلا ہیں ،نواز شریف ملک میں جمہوریت اور مزاحمت کا نشان ہیں ،ہم تنبیہ کر رہے ہیں کہ جمہور ابھی خاموش ہے اگر یہ پھٹ پڑا تو بہت خرابی ہوگی ،منی بجٹ بلیک اکانومی کا بجٹ ہے یہ عوام کا بجٹ نہیں ، اس کے ذریعے اپنے لوگوںکو این آر او دیا گیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار ۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما پرویز رشید ،انجینئر خرم دستگیر اور طلال چوہدری نے کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات کیلئے آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پرویز رشید نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کے بارے میںجو سرکاری ذرائع سے اطلاعات آرہی ہیں انہوںنے عوام کوتشویش اور پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے اور ان میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

عوام کے محبوب رہنما جنہیں وہ ہر مرتبہ پہلے سے زیادہ اکثریت سے ووٹ دیتے ہیں ان کے ساتھ اس طرح کی نا انصافی کی جارہی ہے کہ انہیں علاج معالجے کی سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے ۔ وہ ملک کے ہر دلعزیز لیڈر ہیں آئین و قانون میں تو ہر قیدی کو صحت کی سہولیات کا حق حاصل ہے جس سے نواز شریف کو محروم رکھا جارہا ہے۔ مرکزی رہنما انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نواز شریف کے علاج معالجے میں ظالمانہ رکاوٹ اور تاخیر قابل مذمت ہے ۔

خاص طور پر ان کے خاندان کوبھی رپورٹس نہیں دی جارہیں جسکے مطابق انہوںنے فیصلہ کرنا ہے اور افواہیں پھیل رہی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان میں نواز شریف جمہوریت کا نشان ہیں اگر انہیں کچھ ہوا تو پھر جمہور پھٹ پڑے گا ۔ ہم تنبیہ کر رہے ہیں انہیں ظالمانہ فیصلے کے نتیجے میں جیل میں تو رکھا گیا ہے لیکن ان کی صحت کا خیال رکھیں ، جمہور ابھی خاموش ہے جب وہ پھٹے گا تو بہت خرابی ہو گی ۔

نواز شریف کی صحت کے حوالے سے پارلیمنٹ میں آواز بلند کی جائے گی ۔ انہوںنے کہا کہ منی بجٹ پاکستان کی بلیک اکانومی کا بجٹ ہے یہ عوام کا بجٹ نہیں ہے،کیا اس بجٹ سے بجلی اور گیس سستی ہوئی،کاشتکاروں کو کوئی ریلیف دیا گیا ۔ بلکہ اس بجٹ کے ذریعے اپنے لوگوںکو این آر او دیدیا گیا ہے ۔یہ کہا گیا ہے کہ آف شور کمپنی والا ایف بی آر کو بتا دے تو اسے کوئی نہیں پوچھے گا ،یہ بجٹ مافیا اور اشرافیہ کے لیے ہے ، یہ مانگے تانگے اور ادھار کا بجٹ ہے جس کا اطلاق بھی یکم جولائی سے ہو گا ،ہم اس بجٹ کو مسترد کرتے ہیں اوراسمبلیوں میں آواز بلند کریں گے۔

انہوںنے کہا کہ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت کامقصد ہے کہ نواز شریف کے ترقی کے سفر کو روکا جائے ،نواز شریف پاکستان میں مزاحمت کا نشان ہیں ،نواز شریف رہا ہو کر مزاحمت کا دور دوبارہ شروع کریں گے ۔انہوںنے کہا کہ ہم نے نسلیں گزار دی ہیں کٹھ پتلیوں کے کھیل میں اب پاکستان کو بدلنا ہو گا ۔طلال چوہدری نے کہا کہ جو چیزیں سامنے آرہی ہیں اس پر تحفظات ہیں ،یہ انسانی جان کا معاملہ ہے ۔

نواز شریف محسن پاکستان ہیں انہوںنے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، سی پیک اور معیشت کو ترقی دی ،کیا یہ ان کے احسانات نہیں ہیں ۔ حکومت کو انسانیت تو دکھانی چاہیے لیکن اس میں کوئی انسانیت نظر نہیں آتی ۔ حکومت اس ملک کو آگ میں جھونکنا چاہتی ہے ،ہماری خاموشی کا ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں ۔ انہوںنے کہا کہ کروڑوں پاکستانی نواز شریف کی صحت اور زندگی کے حوالے سے فکر مند ہیں او رحکومت اس طرح کی نا اہلی نہ دکھائے جو سانحہ ساہیوال پر دکھائی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں