مسلم لیگ ن نے پنجاب میں حکومتی جماعت کو ٹف ٹائم دینے کی منصوبہ بندی کر لی

حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے لیے مشکلات پیدا کی جائیں گی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 اپریل 2019 13:18

مسلم لیگ ن نے پنجاب میں حکومتی جماعت کو ٹف ٹائم دینے کی منصوبہ بندی کر لی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اپریل 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف کو پنجاب میں کمزور کرنے اور صوبائی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے مسلم لیگ ن نے منصوبہ بندی کر لی ہے جس کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے لیے پنجاب میں مزید مشکلات کھڑی کی جائیں گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں حکومت کے لئے قانون سازی میں مشکلات پیدا کرنے کی حکمت عملی مرتب کی ہے۔

مسلم لیگ ن نے اب تک پنجاب اسمبلی کی بننے والی قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ ان ہی محکموں کے سابق وزرا اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین کے سپرد کردی ۔ ماہرین اور تجربہ کار اراکین اسمبلی کے چیئرمین بننے سے قانون سازی کے امورپر مسلم لیگ ن کی گرفت اب مضبوط ہوگئی ہے ۔ پنجاب اسمبلی کی 14 قائمہ کمیٹیوں میں سے چار قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ مسلم لیگ ن کے حصہ میں آئی جن کے چیئرمین سابق وزیر اورسابق اسپیکر ہیں۔

(جاری ہے)

قائمہ کمیٹی انڈسٹریز، کامرس انوسٹمنٹ کے چیئرمین محمد شفیق انور ہیں جو انڈسٹریز، کامرس انوسٹمنٹ کے وزیر رہے ہیں اور ان کا اس شعبہ میں گہرا تجربہ ہے۔ ہاؤسنگ ،اربن، ڈیویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کی قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین رانا محمدا قبال ہیں جو سابق اسپیکرپنجاب اسمبلی ہیں، ہیومن رائٹس کی قائمہ کمیٹی کے چیئر مین طاہر خلیل سندھو ہیں ، تحفظ ماحول کی قائمہ کمیٹی کی چیئر پرسن ماحول ذکیہ شاہ نواز ہیں جو محکمہ تحفظ ماحول کی سابق وزیر ہیں، ذرائع کے مطابق جن قائمہ کمیٹیوں کے ابھی چیئرمین کے انتخابات ہونا باقی ہیں ان کمیٹیوں کے چیئرمین بھی سابق وزراء اور تجربہ کار اراکین کو بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم چند ایک قائمہ کمیٹی کے چیئرمین نئے اراکین اسمبلی کو بھی بنانے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ نئے اور کم تجربہ رکھنے والے اراکین اسمبلی ناراض نہ ہوجائیں۔

تاہم مسلم لیگ ن کی اس منصوبہ بندی سے حکومتی جماعت کے لیے مشکلات کھڑی ہونے کا امکان ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں