پہلے تمہارے بال کاٹے تھے اب کان کاٹ کر تیزاب پھینک دوں گا، تشدد کا نشانہ بننے والی اسماء عزیز کے شوہر نے جیل سے باہر آتے ہی بیوی کودھمکیاں دینا شروع کر دیں

شوہر کی جانب سے دھمکیاں ملنے کے بعد اسماء عزیز کی وڈیو سامنے آنے پر شہباز گِل نے اسماء کو پولیس سے رابطہ کرنے کی ہدایت دے دی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 24 مئی 2019 00:17

پہلے تمہارے بال کاٹے تھے اب کان کاٹ کر تیزاب پھینک دوں گا، تشدد کا نشانہ بننے والی اسماء عزیز کے شوہر نے جیل سے باہر آتے ہی بیوی کودھمکیاں دینا شروع کر دیں
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مئی2019) مارچ میں لاہور میں خاوند کے تشدد کا نشانہ بننے والی ایک خاتون کی کہانی سامنے آئی تھی جس کی اب ایک اور وڈیو آئی ہے جس میں اس نے بتایا ہے کہ اس کے شوہر نے اسے جیل سے باہر آتے ہی فون کر کے کہا ہے کہ پہلے تمہارے بال کاٹے تھے اب کان کاٹ کر تیزاب پھینک دوں گا۔
یاد رہے کہ خاتون کا تعلق لاہور کے پوش علاقہ ڈیفنس سے تھا۔

خاتون کے مطابق شرم و حیا سے عاری شوہر نے بیوی کو دوستوں کے سامنے ڈانس نہ کرنے پر بے انتہا تشدد کا نشانہ بنایا اور اْس کے سر کے بال بھی مْونڈھ ڈالے تھے۔ اسماء عزیز نے اپنی کہانی سناتے ہوئے کہا تھا کہ اْس نے چار سال قبل ایک نوجوان میاں فیصل سے پسند کی شادی کی تھی۔ شروع شروع میں تو وہ اْس پر جان نچھاور کرتا رہا، مگر پھر آہستہ آہستہ اْس کی عیش پرست طبیعت سے پردہ اْٹھتا چلا گیا۔

(جاری ہے)

ازدواجی رشتے کی حْرمت سے ناآشنا یہ نوجوان اپنی ہی طرح کے عیاش دوستوں کو گھر پر لانے لگا۔ اپنی بیوی کو ان دوستوں سے ملنے اور پھر ڈانس کرنے پر مجبور کرتا۔ جب خاتون نے مبینہ طورپر اپنے خاوند کے ان بے شرم تقاضوں کو پْورا کرنے سے انکار کر دیا تو وہ اْس سے سختی سے پیش آنے لگا۔بعد ازاں پولیس نے متاثرہ خاتون کے شوہر اور اس کے دوست کو حراست میں لے لیا تھا۔

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریارخان آفریدی نے ڈیفنس لاہور میں خاتون پر مبینہ تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس پنجاب کو واقعے کی فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔شہر یار آفریدی نے کہاتھاکہ تحقیقات میں الزامات کے حوالے سے ملزمان کو فوری گرفتار کرکے معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔ پولیس نے اسما کے شوہر اور دوست کو گرفتار کر لیا تھاجس اب جیل سے باہر آگئے ہیں اور اب اسماء عزیز کی ایک اور وڈیو سامنے آئی ہے کہ اس کے شوہر نے اسے جیل سے باہر آتے ہی فون کر کے کہا ہے کہ پہلے تمہارے بال کاٹے تھے اب کان کاٹ کر تیزاب پھینک دوں گا۔

اسماء کی وڈیو ٹویٹر پر سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گِل نے ٹویٹ کیا ہے کہ اسماء اپنے قریبی تھانے سے رابطہ کریں،پولیس ان کی حفاظت کرے گی۔ 


لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں