حکومت کا 657غریب قیدیوں کا جرمانہ ادا کر کے انہیں رہا کرنے کا فیصلہ

متمول افراد کے عطیات کی مدد سے 514قیدیوں کو رہا کر دیا گیا جبکہ 143مزید قیدیوں کو عید سے قبل رہا کر دیا جائے گا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 27 مئی 2019 14:09

حکومت کا 657غریب قیدیوں کا جرمانہ ادا کر کے انہیں رہا کرنے کا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مئی2019) پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار متمول افراد کے دیے گئے عطیات کے ذریعے اکٹھے ہونے والے پیسے غریب قیدیوں کے دیت اور جرمانوں کی مد میں ادا کر کے انہیں عید سے قبل رہا کردیں گے۔ عثمان بزدار متمول افراد کے دیے گئے عطیات کے ذریعے اکٹھے ہونے والے 38 لاکھ 20 ہزار روپے 657روپوں کی مدد سے غریب قیدیوں کے دیت اور جرمانوں کی مد میں ادا کریں گے جس سے مجموعی طور پر 657غریب قیدیوں کو رہا کیا جا سکے گا۔

تفصیلات کے مطابق دیت اور جرمانوں کی ادائیگی کے بعد قیدیوں کی رہائی کے عمل کا آغاز ہوچکا ہے جس میں اب تک 514 قیدیوں کو رہا کیا جاچکا ہے جبکہ بقیہ 143 افراد کو بھی عید سے قبل رہا کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت معاشرے کے دیگر حصوں کے ساتھ مل کر قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ انہوں نے حقیقی صورتحال کا بذات خود جائزہ لینے کے لیے ذاتی طور پر پنجاب بھر میں جیلوں کے دورے کیے تا کہ اصل حقائق کے مطابق فلاحی اقدامات اٹھائے جاسکیں۔

دوسری طرف وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے عثمان بزدار سے فون پر عوامی فلاح و بہبود اور ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ہر سطح پر سادگی کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ اگر دستیاب وسائل کو منصفانہ طریقے سے استعمال کیا جائے تو معاشرے کے ہر شعبے کو ترقی کے یکساں موقع میسر ہوں گے اور اسی کوشش میں غریب قیدیوں کے دیت اور جرمانوں کی مد میں ادا کر کے انہیں عید سے قبل رہا کیا جا رہا ہے تا کہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ عید کی خوشیاں منا سکیں۔

ان قیدیوں میں وہ لوگ شامل ہیں جو سزا پوری کر چکے ہیں اور ابھی تک جرمانہ ادا نہ کر پانے کی وجہ سے جیلوں میں ہیں یا پھر وہ لوگ ہیں جن کو جرمانہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے جیلوں میں رکھا گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں