نوازلیگ اور پیپلزپارٹی کو کسی مولانا کی امامت کرپشن کے انجام سے نہیں بچا سکتی:صمصام بخاری

اپوزیشن رہنمائوں کی طرف سے لوٹے ہوئے ملکی خزانے سے ضیافتیں اڑانا افسوسناک ہے گ*اپوزیشن وزیراعظم کے قرضوں پر کمیشن بنانے کے اعلان سے بہت پریشان دکھائی دیتی ہے کرپٹ عناصر کو ملک میں سیاسی درجہ حرارت بڑھانے سے نہ کوئی فائدہ ہو گا اور نہ کسی قسم کی رعایت ملے گی،صوبائی وزیراطلاعات

پیر 17 جون 2019 23:09

نوازلیگ اور پیپلزپارٹی کو کسی مولانا کی امامت کرپشن کے انجام سے نہیں بچا سکتی:صمصام بخاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2019ء) صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ نوازلیگ اور پیپلزپارٹی کو کسی مولانا کی امامت کرپشن کے انجام سے نہیں بچا سکتی۔ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمن یہ کارخیرکیوں سرانجام دے رہے ہیں۔ یہ کسی بیانیے کی نہیں بلکہ صرف لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کی جنگ ہے۔

اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن رہنمائوں کی طرف سے لوٹے ہوئے ملکی خزانے سے ضیافتیں اڑانا افسوسناک ہے۔ کرپٹ عناصر کو ملک میں سیاسی درجہ حرارت بڑھانے سے نہ کوئی فائدہ ہو گا اور نہ کسی قسم کی رعایت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنمائوں کی آنیاں جانیاں کرپشن بچانے کی ناکام کوشش ہے۔ عوام پوچھتے ہیں کہ گزشتہ 10برسوں کی مایوس کن حکومتی کارکردگی کا کون جوابدہ ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن وزیراعظم کے قرضوں پر کمیشن بنانے کے اعلان سے بہت پریشان دکھائی دیتی ہے۔ کیونکہ انہیں اس امر کا اچھی طرح ادراک ہو چکا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کرپشن کے خاتمے کے اپنے وعدے سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے خلاف واویلا کرنے والے اپوزیشن رہنما پہلے قوم کو 24ہزارارب کے قرضوں کا جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مسائل کے گرداب میں پھنسانے کی ذمہ دار سابق حکومتیں ہیں۔ سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ملک کے استحکام کے لئے ہر اقدام اٹھائے گی اور پنجاب کو حقیقی معنوں میں ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں