وزیراعظم عمران خان کا کرپشن کے خلاف ڈٹ جانے کا اعلان لائق تحسین ہے‘تجوریاں بھرنے والوں کو ایک ایک پائی واپس کرنا ہو گی‘اپوزیشن بجٹ کے خلاف پراپیگنڈہ کی آڑ میں اپنے مفادات کا تحفظ چاہتی ہے ‘ سید صمصام علی بخاری

منگل 18 جون 2019 23:59

لاہور۔18 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ تجوریاں بھرنے والوں کو ایک ایک پائی واپس کرنا ہو گی‘ 10سال کیلئے انکوائری کمیشن بنانے کی سب سے زیادہ ضرورت پنجاب میں ہے‘ گزشتہ حکومت نے پچھلے 10برسوں کے دوران فرضی کمپنیاں اور کاغذی منصوبے بنا کر پنجاب کے عوام سے کھلواڑ کیا اس کرپشن کی تفصیلات منظرعام پر لائیں گے‘ نوازلیگ نے پنجاب میں من مانیوں کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی منی لانڈرنگ اور بدعنوانیوں کے ہوشربا قصے سامنے آ رہے ہیں لیکن اپوزیشن اس کوشش میں ہے کہ وہ شورمچا کر عوام کی توجہ کرپشن کیسز سے ہٹا دے‘ ان حالات میں وزیراعظم عمران خان کا کرپشن کے خلاف ڈٹ جانے کا اعلان لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ جن حکمرانوں نے معیشت کا بیڑا غرق کیا اب وہ معصوم بننے کی کوشش نہ کریں کیونکہ عوام خوب جانتے ہیں کہ نوازلیگ اور پی پی کو ان کا کتنا درد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں بجٹ کے خلاف پراپیگنڈہ کی آڑ میں اپنے مفادات کا تحفظ چاہتی ہیں لیکن پی ٹی آئی حکومت ان کرپٹ عناصر کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لے گی‘ اس مقصد کیلئے وزیراعظم عمران خان پاکستان میں دوررس نتائج کی حامل پالیسیاں متعارف کرا رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں