چیف منسٹر پنجاب نیشنل کراٹے چیمپئن شپ2019 (بوائز وگرلز)واپڈا نے جیت لی

واپڈا کی مردوں کی ٹیم نے 155جبکہ خواتین کی ٹیم نے 190پوائنٹس حاصل کرکے 8سونے اور 2کانسی کے تمغے جیتے، آرمی کی ٹیم 140پوائنٹس کے ساتھ رنر اپ رہی

اتوار 25 اگست 2019 20:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2019ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام اور پاکستان کراٹے فیڈریشن کے تعاون سے منعقد ہونے والی چیف منسٹر پنجاب نیشنل کراٹے چیمپئن شپ2019 (بوائز وگرلز)واپڈا نے جیت لی، واپڈا کی مردوں کی ٹیم نے 155جبکہ خواتین کی ٹیم نے 190پوائنٹس حاصل کئے، آرمی کی مردوخواتین کی ٹیمیں رنر اپ رہیں۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر عاقل شاہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مہمانوں کو شیلڈز دیں جبکہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کو شیلڈ پیش کی، اتوار کو اختتامی روز ایشیئن گولڈ میڈلسٹ ، واپڈا کے سعدی عباس نے 75کلوگرام سے کم کی کیٹیگری کے مقابلے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نادر کو شکست دیکر سونے کا تمغہ جیت لیا، 84کلوگرام سے زیادہ کی کیٹیگری کے مقابلے میں واپڈا کے ہی باز محمد نے آرمی کے محمد لفطیان کو شکست دیدی، واپڈا کے ہی کھلاڑی نصیر احمد اور محمد اویس نے 67کلوگرام اور 84کلوگرام سے کم کی کیٹیگری کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی، 55کلوگرام سے کم کی کیٹیگری کے مقابلے میں خیبر پختونخوا کے مراد نے میڈل جیت لیا۔

(جاری ہے)

خواتین کے 55،68کلوگرام سے کم اور 68کلوگرام سے زیادہ کی کیٹیگری کے مقابلے میں واپڈا کی فخرالنساء کلثوم ہزارہ اور نرجس نے کامیابی حاصل کی، 61کلوگرام سے کم کی کیٹیگری کے مقابلے میں ریلوے کی ثریا نے سونے کا تمغہ جیتا۔ چیمپئن شپ میں ٹیموں کی پوزیشن اس طرح رہی، مردوں کے مقابلوں میں واپڈا نے 155پوائنٹس کے ساتھ سونے کے 8 اور کانسی کے 2تمغے جیتے، آرمی نے 140پوائنٹس کے ساتھ سونے کا ایک، چاندی کے 7اور کانسی کاایک تمغہ حاصل کیا، بلوچستان نے 60پوائنٹس کے ساتھ سونے کا ایک اور کانسی کے 5میڈلز جیتے، ریلوے نے 60پوائنٹس کے ساتھ چاندی کا ایک اور چاندی کے 6میڈل لئے، خیبر پختونخوانے 35پوائنٹس کیساتھ سونے اور چاندی کا ایک، ایک اور کانسی کے 2تمغے جیتے، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے 25پوائنٹس کے ساتھ چاندی کاایک اور کانسی کے تین میڈلز جیتے، سندھ نے 5پوائنٹس کے ساتھ کانسی کا ایک تمغہ جیتا۔

خواتین کے مقابلوں میں ٹیم پوزیشن کی تفصیلات درج ہیں، واپڈا نے 190پوائنٹس کے ساتھ سونے کے 8 اور چاندی کا ایک میڈل جیتا، آرمی نے 110پوائنٹس کے ساتھ چاندی کے 5اور کانسی کے 4تمغے جیتے،ریلوے نے 65پوائنٹس کے ساتھ سونے اور چاندی کا ایک، ایک اور کانسی کے چار تمغے جیتے، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے 40پوائنٹس کے ساتھ چاندی کا ایک اور کانسی کے تین تمغے جیتے، بلوچستان نے 25پوائنٹس کے ساتھ کانسی کے تین میڈلز جیتے، اسلام آباد نے 10پوائنٹس کے ساتھ کانسی کے تین تمغے جیتے، پنجاب نے 10پوائنٹس کیساتھ چاندی کا ایک میڈل جیتا، سندھ نے 5پوائنٹس کیساتھ کانسی کا ایک تمغہ جیتا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں