وزیراعلی پنجاب ، وزیر اور مشیر ڈینگی کے مریضوں کی اطلاع دینے کے بجائے نااہلی اور نالائقی پر استعفیٰ دیں‘مریم اورنگزیب

سرکاری خرچ پر پریس کانفرنسوں، سوشل میڈیا اور بیانات سے ڈینگی کاخاتمہ نہیں ہوگا،ملک میں ایمرجنسی نافذ کی جائے ‘ترجمان (ن) لیگ

اتوار 22 ستمبر 2019 16:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب ، وزیر اور مشیر ڈینگی کے مریضوں کی اطلاع دینے کے بجائے نااہلی اور نالائقی پر استعفیٰ دیں۔اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ساری دنیا کو پتہ ہے کہ ملک میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 10 ہزار ہوچکی ہے، حکومت کو اب اطلاع ہوئی، شکر ہے کہ آج اعداد و شمار تو تسلیم کئے گئے، ورنہ نالائق حکومت مسلسل انکار کررہی تھی، عوام کی طرح ڈینگی کے مریضوں کا بھی کوئی پرسان حال نہیں،نالائق اور بے حس حکوت نے شہباز شریف کے حسد میں ان کے ڈینگی سے بچنے کا پروگرام بھی بند کر دیا، نالائق حکومت کے پاس نہ معاشی ، نہ کاروباری اور نہ ہی ڈینگی کی روک تھام کا پلان ہے۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب ، وزیر اور مشیر ڈینگی کے مریضوں کی اطلاع دینے کے بجائے نااہلی اور نالائقی پر استعفی دیں، یہ پہلی حکومت ہے جو اپنی نااہلی، جھوٹ اور مجرمانہ بے حسی کا خود چرچا کررہی ہے، افسران کو معطل کرکے نااہل حکمران اپنی مجرمانہ غفلت اور نالائقی پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔ سرکاری خرچ پر پریس کانفرنسوں، سوشل میڈیا اور بیانات سے ڈینگی کاخاتمہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلی، وفاقی و صوبائی وزرا اور مشیر ہسپتالوں میں دفاتر کھولیں، پورے ملک میں ایمرجنسی نافذ کی جائے اور ڈینگی کے ٹیسٹ اور دوائی کو مفت کیا جائے، شہباز شریف کی بنائی گئی ڈینگی ہیلپ لائن کو بحال کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں