بیرونی سرمایہ کاری کے لئے پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، ری سائیکلنگ کے کاروبار کے بے پاکستان میں بے پناہ مواقع موجود ہیں،

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی پرتگالی تاجروں کے وفد سے گفتگو

پیر 21 اکتوبر 2019 23:20

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری کے لئے پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، یہاں ری سائیکلنگ کے کاروبار کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ وہ پیر کو یہاں پرتگالی تاجروں کے وفد سے گفتگو کر رہی تھیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ری سائیکلنگ کے کاروبار میں سرمایہ کاری کر کے پرتگالی کمپنیاں نہ صرف منافع حاصل کر سکیں گی بلکہ اس سے پاکستان کو صاف اور شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ پاکستان کا سب سے زیادہ فی کس آمدنی، شرح خواندگی اور بے پناہ کاروباری صلاحیت کا حامل شہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے آلات جراحی دنیا میں بہترین تصور کئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وفد پر زور دیا کہ وہ پاکستان کا مثبت اور حقیقی تشخص پیش کریں۔ انہوں نے وفد سے کہا کہ وہ بورڈ آف انویسٹمنٹ کا دورہ کریں جو انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے رہنمائی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بیرونی سرمایہ کاروں کی حوصلہ فزائی کر رہے ہیں اور پاکستان میں کاروبار کرنے کی آسانیوں کے حوالے سے معیار بہتر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں محسوس ہو رہا ہے کہ یہ وقت ملک میں انڈسٹریلائزیشن کے لئے موزوں وقت ہے کیونکہ پاکستان اس کے ذریعے دولت پیدا کر کے معیشت کے مسائل کو حل کر سکتا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تاجر سرمایہ کاری کے لئے بہتر شعبوں کو اجاگر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے پرتگالی وفد کو بتایا کہ فٹ بال کے ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والا فٹ بال پاکستان میں تیار کیا جاتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں