ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت پرائس کنٹرول میکنرم پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرصارفین کو کنٹرول قیمتوں پر اشیاء ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی‘ سرداراعجازاحمد خان جعفر

بدھ 13 نومبر 2019 22:00

لاہور۔13 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب سرداراعجازاحمد خان جعفر نے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی سرکاری طور پر مقررہ قیمتوں پر فروخت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور مہنگائی مافیا کے خلاف کریک ڈائون کریں تاکہ کسی کو من مانی کے ذریعے عوام کا استحصال کرنے کی جرات نہ ہو۔ انہوں نے یہ بات وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر آفس میں پرائس کنٹرول میکنرم پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ بازاروں و سٹورز پر پھل‘ سبزیوں ‘ دالوں ‘ چاول‘ بیسن‘ آٹا‘چینی و دیگر اشیائے خورد و نوش کی مقرر کردہ قیمتوں کے مطابق فروخت کو چیک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نرخناموں کے مطابق ہی اشیاء فروخت ہونی چاہیں بصورت دیگر جرمانوں اور دیگر سزاؤں سے گریز نہ کیا جائے‘ اشیاء پر نرخناموں کی موجودگی اور پورا وزن ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اشیاء کی قیمتوں پر سو فیصد عملدرآمد کرانے کی سخت ترین ہدایات جاری کی ہیں اس سلسلے میں انہیں مارکیٹوں ‘ بازاروں ‘ سٹوروں پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو چیک کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے جس کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہیگا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے افسران سے کہا کہ وہ مارکیٹوں ‘ بازاروں کے باقاعدگی سے دورے کرکے قیمتوں کو چیک کریں اور اوورچارجنگ کرنے والوں کو پکڑ کر جیل بھجوائیں تاکہ کسی کو زائد قیمت وصول کرنے کی جرات نہ ہو۔

ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی نے بتایا کہ ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو اوورچارجنگ کی روک تھام کیلئے متحرک کر رکھا ہے جبکہ ان کی کارکردگی کو بھی تسلسل کے ساتھ چیک کیا جارہا ہے‘پھل و سبزی منڈی کا دورہ کرکے پیاز‘ آلو‘ ٹماٹر و دیگر اشیاء کی نیلامیوں کے عمل کا بھی جائزہ لیاجارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صارفین کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کے لئے اشیائے ضروریہ عام بازاروں سے رعایتی نرخوں پر فروخت کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق صارفین کو کنٹرول قیمتوں پر اشیاء ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس کے دوران ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی ‘ ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرچنیوٹ سید حسنین حیدر شاہ‘ مہر محمد خان پروجیکٹ کوآرڈینیٹر سی ایم پنجاب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طارق خان نیازی،اے ڈی سی جی عمران عصمت،اسسٹنٹ کمشنرز خضر حیات بھٹی،عدنان رشید، فضل عباس،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سعید احمد و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں