33ویں نیشنل گیمزپشاور، سپورٹس بورڈ پنجاب نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا

اجلاس میں 33ویں نیشنل گیمز پشاور میں پنجاب کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور تمام ایسوسی ایشنز سے رپورٹ طلب کی گئی پنجاب کے کھلاڑیوں نے دیگر صوبوں کے کھلاڑیوں سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرینگے‘ جاوید چوہان

جمعہ 22 نومبر 2019 19:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2019ء) ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان کی زیرصدارت سپورٹس بورڈ پنجاب میں 33ویں نیشنل گیمز پشاور میں پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ اور تمام سپورٹس تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور تمام ایسوسی ایشنز سے رپورٹ طلب کی گئی، سپورٹس ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی گئی کہ وہ کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی اور نیشنل گیمز پشاور میں شرکت کیلئے پشاور میں خیبرپختونخواہ حکومت اور کیمپس میںسپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے فراہم کی گئی سہولتوں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ جلدسپورٹس بورڈ پنجاب کو پیش کریں، اجلاس میں 33ویں نیشنل گیمز پشاور میں پنجاب کے کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے پنجاب کے دستے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے کھلاڑیوں نے دیگر صوبوں کے کھلاڑیوں سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پنجاب نے دوسرے صوبوںسے زیادہ 49میڈلز جیت کر صوبوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل گیمز پشاور میں میڈلز جیتنے والے پنجاب کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی نے اجلاس کو بتایا کہ 33ویں نیشنل گیمز پشاور میں ملک بھر سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا اس لئے مقابلہ بہت سخت تھا ا س میں پنجاب کے تمام کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ، کھلاڑیوں نے محنت اور جیت کے جذبے کیساتھ مقابلوں میں حصہ لیا ،پنجاب نے سونے کاایک، چاندی کے 14اور کانسی کے 34تمغے جیتے ہیں، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی اور ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کے تعاون پر شکرگزار ہیں،سپورٹس بورڈ پنجاب نے نیشنل گیمز پشاور کے لئے بہترین سہولتیں فراہم کیں، تربیتی کیمپس میں بھی کھلاڑیوں کو اچھی سہولتیں فراہم کی گئیں جس نے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

مستقبل میں بھی سپورٹس بورڈ پنجاب کے ساتھ مل کر سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے لئے کام کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں