وزیراعظم کو ماحولیاتی تبدیلیوں پرآوازبلند کرنے پرعالمی سطح پر پذیرائی

عالمی جریدے نے وزیراعظم کو ایسی پانچ شخصیات میں شامل کرلیا، جو عالمی سطح پر ماحولیات کی ترجمانی کرتی ہیں۔ عالمی جریدے ٹائم میگزین

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 19 جنوری 2020 19:46

وزیراعظم کو ماحولیاتی تبدیلیوں پرآوازبلند کرنے پرعالمی سطح پر پذیرائی
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جنوری2020ء) وزیراعظم عمران خان کو ماحولیاتی تبدیلیوں پر آواز بلند کرنے پر عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے، وزیراعظم کو ایسی پانچ شخصیات میں شامل کرلیا گیا جو ماحولیات کی ترجمانی کرتی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان دنیا کی ایسی پانچ شخصیات میں شمار ہونے لگے جو ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کیخلاف آواز اٹھاتی ہیں اور ماحولیات کی بہتری کا عالمی فورمز پر پرچار کرتی ہیں۔

عالمی جریدے ٹائم میگزین نے کور پیج پر ایسی دیگر چارعالمی شخصیات کے ساتھ وزیراعظم عمران خان کی تصویر بھی چھاپی ہے۔ جن کی عالمی سطح پر ماحولیات کی بہتری کیلئے درخت لگانے اور ماحولیاتی آلودگی کیخلاف ویژن کی پذیرائی کی جا رہی ہے۔ عالمی جریدے ٹائم میگزین نے ورلڈ اکنامک فورم کی پارٹنرشپ سے وزیراعظم عمران خان، جرمن چانسلر اینگلا مرکل، یورپی مرکزی بینک کی صدر کرسٹین لیگارڈ، مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور ایمازون کمپنی کے مالک جیف بیزوس کی تصاویر شائع کی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان عالمی اقتصادی فورم میں بھی خصوصی خطاب کریں گے۔ بلین ٹری سونامی جیسے پروجیکٹس کی بنیاد رکھنے والے عمران خان کا بائیس جنوری کو شیڈول خطاب ورلڈ اکنامک فورم کئی زبانوں میں براہ راست نشر کرے گا۔ دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کے بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت صوبہ پنجاب میں 50کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات حکومت پنجاب کے زیر انتظام 16لاکھ 39ہزار 497ایکڑ رقبہ ہے جوکہ صوبہ پنجاب کے کل رقبہ کا  3.27فیصد ہے جن میں پہاڑی جنگلات 171000ایکڑ، نیم پہاڑی جنگلات 635497ایکڑ،چراگاہوں کا رقبہ 318000 ایکڑ جو کل ملا کر (1.639ملین ایکڑ)ہے۔ اسی طرح نہروں کے کناری32640کلو میٹر،سڑکوں کے کناری11680کلو میٹر،ریلوے لائن کے کناری2987 کلو میٹر اور کل47307کلو میٹر پر جنگلات موجود ہیں جبکہ نہری ذخائر370657ایکڑ، دریائی جنگلات144343 ایکڑ،چراگاہوں سمیت کل 16,39,497ایکڑ پر جنگلات موجود ہیں۔

ترجمان کے مطابق یہاں یہ بات انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ حکومت پورے ملک کو سرسبزوشاداب بنانا چاہتی ہے اورخاص طور پر پنجاب کے اندر شجرکاری کے پروگرام کو ایک تحریک کی شکل دینا چاہتی ہے تاکہ ملک میں درختوںکی وجہ سے ایک سبز انقلاب آئے ، بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے ، موسمیاتی تبدیلیوں سے نپٹنے اور گلوبل وارمنگ کی وجہ سے ہونے والے نقصانات سے بچا جاسکے۔

پاکستان کا شمار ان پہلے دس ممالک میں ہوتا ہے کہ جو کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں ان مسائل کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں بحیثیت قوم شجرکاری اور جنگلات کے شعبہ کو اولین ترجیح دینی ہے،آئندہ پانچ برسوں میں ایک سبز انقلاب لانا ہے، شجرکاری ہر پاکستانی کی قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موسم برسات 2019 کی شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے پنجاب بھر میں363 سرکاری نرسریاںاور244 سیل پوائنٹس ضلع و تحصیل کی سطح پر قائم کئے جا چکے ہیں جن میں عوام کو 55.16 ملین پودے اور قلمات فراہم کئے گئے۔

انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے 10بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت ملک بھر میں 10 ارب درخت لگانے کا ہد ف مقرر کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کیلئے حکومت پاکستان کے مالی اشتراک سے صوبہ پنجاب کیلئی4 سالہ منصوبہ (2019-2023ء) منظور کیا ہے جس کے تحت صوبہ پنجاب میں تقریباً50 کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں