معاشرے کے مختلف پس منظر کے لوگوں کو متحد کرنے اور معاشرتی ہم آہنگی کو مستحکم بنانے کے لئے فنون لطیفہ اور ثقافت میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا لاہور بئینالے کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 26 جنوری 2020 18:15

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشرے کے مختلف پس منظر کے لوگوں کو متحد کرنے اور معاشرتی ہم آہنگی کو مستحکم بنانے کے لئے فنون لطیفہ اور ثقافت میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، اس مقصد کے لئے اس سے بہتر کوئی چیز نہیں ہوسکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور قلعہ میں دوسالہ لاہور بئینالے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام خصوصاً بچوں کے تاریخی مقامات ،عجائب گھروں کے دوروں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے اور لوگوں کو تاریخ، ثقافت اور فن سے جوڑتے کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے لاہور بئینالے کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے پروگرام لوگوں کو فنون اور ثقافت کی طرف بھرپور راغب کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فن اور فن تعمیر کے بہت سے پہلو ہیں جن کی تلاش کی ضروت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اب بدل چکا ہے۔ عدم تحفظ کے بادل چھٹ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فنون لطیفہ لوگوں کو اپنے معمولات زندگی کی یکسانیت سے نکل کر تفریح کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے تاریخی وزیر خان مسجد اور شاہی حمام کے بحالی کی کام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی میوزیم بھی اپنا ایک مقام رکھتا ہے اور لوگ یہاں کا دورہ کرتے ہیں جس سے اس کی اہمیت اور بڑ ھ گئی ہے۔

صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات کی وزیر ثقافت شیخ حور القاسمی کی کاوشوں کو بھی سراہا جو انہوں نے لاہور بئینالے کے ذریعے لاہور کو نمایاں کرنے کے لئے کی ہیں۔ اس موقع پر والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی (ڈبلیو سی ایل ای) ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے لاہور قلعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم آج لاہور کے قدیم ترین مقام پر اکٹھے ہیں جو مختلف مذاہب اور ثقافتوں کا آئینہ دار ہے۔

ہماری ایک طرف بادشاہی مسجد ہے اور دوسری طرف سکھ مذہب کا گوردوارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کرتار پور راہداری کھولنا حکومت کا ہر پہلو کے اعتبا رسے ایک عظیم کارنامہ ہے۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر ثقافت شیخ حور القاسمی ، لاہور بئینالے فائونڈیشن (ایل بی ایف) کے ڈائریکٹر محسن حمید، ایل بی ایف کے چیئرمین عثمان خالد، ایل بی ایف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر قدسیہ رحیم اور دیگر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں