لاہور،پنجاب اسمبلی بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کا الزام ، چوہدری پرویز الہٰی اور محمد خان بھٹی سمیت دیگر پر فرد جرم پیر کو عائد کی جائے گی

اتوار 12 مئی 2024 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) لاہور کی انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت میں پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کے الزام میں درج مقدمے میں گرفتار سابق سپیکر و سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی ، سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی سمیت دیگر ملزمان پر کل ( بروز سوموار )فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کی جائے گی ۔

عدالت نے چودھری پرویز الہٰی و دیگر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کےلئے کل طلب کیا ہے۔لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد حسین کیس کی سماعت کریں گے ۔ عدالتی حکم پر چوہدری پرویز الہٰی جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ چوہدری پرویز الہٰی کو پیشی کے لیے اڈیالہ جیل سے لاہور کی سینٹرل جیل کوٹ لکھپت منتقل کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اینٹی کرپشن حکام نے مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کر رکھا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہی اور محمد خان بھٹی سمیت دیگر کےخلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے مقدمہ درج کر رکھا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں تحریری امتحان میں فیل ہونے والے ملازمین کو گریڈ 17 میں ملازمتیں دی گئیں،بھرتی ہونے والے ملازمین میں سمیع اللہ ، وقاص سرور، دانیال ستار خان، طاہر احمد مکی، محمد اعجاز ، محمد حیدر شفقت ،محمد امین، زیب الحسن ،مختار احمد رانجھا اور محمد عاقف شامل ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں