شہبازشریف، فواد حسن فواد اور احد چیمہ سمیت 13 ملزمان کے خلاف آشیانہ ہائو سنگ سکینڈل کیس کی سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی

منگل 29 ستمبر 2020 16:53

شہبازشریف، فواد حسن فواد اور احد چیمہ سمیت 13 ملزمان کے خلاف آشیانہ ہائو سنگ سکینڈل کیس کی سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2020ء) لاہور کی احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر و سابق وزیر اعلی پنجاب شہبازشریف، سابق سیکرٹری وزیر اعلیٰ پنجاب برائے عملدرآمد فواد حسن فواد اور سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت دیگر 13 ملزمان کے خلاف آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل کیس کی سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے ملزمان احد چیمہ اور شاہد شفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی5 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے نیب کے مزید گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے کیس کی سماعت کی۔ منگل کو سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ اور شاہد شفیق کو جوڈیشل ریمانڈ کے بعد عدالت پیش کیا گیا۔ عدالت نے شہباز شریف اور فواد حسن فواد کو مستقل حاضری سے استثنیٰ دے رکھا ہے جس کے باعث شہباز شریف کی جگہ ان کے معاون محمد نواز ایڈووکیٹ نے عدالت میں حاضری لگوائی جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی جگہ ان کے معاون محمد شہباز نے حاضری لگوائی۔

(جاری ہے)

ملزمان میں بسم اللہ کنسٹرکشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو شاہد شفیق، بلال قدوائی، امتیاز حیدر، اسرار سعید اور عارف بٹ وغیرہ شامل ہیں۔ نیب نے میاں شہباز شریف، احد چیمہ اور فواد حسن فواد سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کر رکھا ہے، ریفرنس تین والیومز اور ایک ہزار صفحات پر مشتمل ہے جس میں شہباز شریف پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا گیا ہے، ریفرنس کے مطابق شہباز شریف نے پنجاب لینڈ ڈویلپمینٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے اختیار حاصل کئے اور پی ایل ڈی سی کو غیر قانونی طور پر آشیانہ کا منصوبہ ایل ڈی اے کو دینے کے لیے کہا جبکہ اس وقت ایل ڈی اے کی سربراہی شہباز شریف کے قریبی ساتھی احد چیمہ کر رہے تھے۔

ریفرنس کے مطابق لطیف اینڈ سنز کمپنی کا کنٹریکٹ غیر قانونی طور پر منسوخ کرکے پبلک پارٹنرشپ کے تحت ٹھیکہ منظور نظر بسم اللہ انجینئرنگ کو دیا گیا، شہباز شریف کے اس اقدام سے قومی خزانے کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، ریفرنس کے مطابق فواد حسن فواد نے غیرقانونی طور پر من پسند کمپنی کو نوازنے کی کوشش کی تو وہاں شہباز شریف نے پی ایل ڈی سی کے بڈنگ پراسس کو روکنے کا حکم بھی دیا جبکہ پی ایل ڈی سی دسمبر 2013 میں آشیانہ اقبال پراجیکٹ کو چلا رہی تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں