مذموم عزائم کے لئے لوگوں کی زندگی کو داؤ پر لگانا پی ڈی ایم کے ٹولے کی خود غرضی ہے :عثمان بزدار

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 2 دسمبر 2020 18:05

مذموم عزائم کے لئے لوگوں کی زندگی کو داؤ پر لگانا پی ڈی ایم کے ٹولے کی خود غرضی ہے :عثمان بزدار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 دسمبر2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران بے احتیاطی کے خطرناک نتائج سامنے آرہے ہیں اور کورونا سے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 45 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اورکورونا کی دوسری لہر سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کا رحجان واضح ہے، لہذاکورونا کی دوسری لہر کے دوران جلسوں اور اجتماعات سے گریز بہت ضروری ہے -انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو عوام کی زندگیوں کی کوئی پرواہ نہیں اور اپوزیشن ٹولہ اپنی منفی سیاست کیلئے لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے - ان عناصر کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں-حقائق سے عاری اور عقل سے خالی ٹولہ کورونا میں اضافے کا باعث بن رہا ہے اور جلسوں میں کورونا وباء کا مذاق اڑانے والے حقیقت سے آنکھیں چرا رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے عناصر کو جان لینا چاہیے کہ کورونا ایک تلخ حقیقت ہے - مذموم عزائم کے لئے لوگوں کی زندگی کو داؤ پر لگانا پی ڈی ایم کے ٹولے کی خود غرضی ہے -وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہری کیلئے فکر مند ہوں ، اپنے اور اپنے خاندان کیلئے احتیاط کیجئے- دنیا کورونا سے بچاؤ کے لئے دوبارہ لاک ڈاؤن کی طرف بڑھ رہی ہے ہم اس سے بچنا چاہتے ہیں - عوام کے تعاون کے بغیر کورونا کا خاتمہ ممکن نہیں-ماسک اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے سے کوروناسے بچاجا سکتا ہے -

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں