لاہور میں دیور نے مبینہ طور پر ڈنڈوں سے تشدد کرکے بھابھی کو موت کے گھاٹ اُتار دیا

ملزم نے 28 سالہ بھابھی کو اس بات پر ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا کیونکہ وہ ملازمت کرنا چاہتی تھی۔ پولیس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 29 نومبر 2021 14:36

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 نومبر 2021ء) : لاہور کے نواحی علاقہ پھول نگر میں دیور نے مبینہ طور پر بھابھی کو تشدد کرکے موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ تفصیلات کے مطابق پھول نگر کے رہائشی اکرم نامی ملزم نے 28 سالہ بھابھی کو اس بات پر ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا کیونکہ وہ ملازمت کرنا چاہتی تھی۔ پولیس نے کہا کہ مقتولہ طاہرہ ایک بچی کی ماں تھی اور اس کا شوہر گلزار سعودی عرب میں ملازمت کرتا ہے۔

متقولہ طاہرہ کے بھائی نے بتایا کہ وہ تعلیم یافتہ تھی، اسے پڑھانے کا شوق تھا، اسے ٹیچنگ کے حوالے سے کوئی میسج آیا، وہ معلومات حاصل کرنے کے بعد واپس آئی تو ملزم نے تشدد شروع کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دیور کے تشدد کے بعد طاہرہ نے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی دوا بھی پی تھی ۔

(جاری ہے)

مقتولہ کی لاش تحویل میں لے لی گئی جس کے پوسٹ مارٹم کے بعد اصل صورتحال واضح ہوگی۔

پولیس نے بتایا کہ طاہرہ کی موت کے بعد ہی ملزم موقع سے فرار ہوگیا ۔ ملزم کی گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے ، ملزم کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں، ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ خیال رہے کہ گھریلو تشدد کا اس سے قبل بھی ایک ایسا واقعہ رپورٹ ہوا تھا جہاں ساہیوال کے علاقے نور شاہ میں گھریلو جھگڑے پر دیور نے بھابھی پر بدترین تشدد کیا، گلی میں گھسیٹتا رہا،ملزم عبدالرحمان نے اپنی بھابھی پر تھپڑوں اور ڈنڈوں کے ساتھ تشدد کیا لیکن تھانہ نورشاہ پولیس نے روایتی بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظلوم کی کوئی شنوائی نہیں کی۔

ایس ایچ او تھانہ نورشاہ کا کہنا ہے کہ دونوں بھائیوں کا گھریلو معاملہ پر جھگڑا ہوا جس پر دیور نے بھابھی کو سرعام گلی میں تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ قبل ازیں قصور میں دیور نے فائرنگ کر کے بھابھی کو قتل کر دیا تھا ۔ متوفیہ سمینہ تین سال سے خاوند سے ناراض ہو کر والدین کے پاس مقیم تھی۔دیور غلام رسول بھائی کے سسرال آیا اور جھگڑے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں