پی کے ایل آئی کے شعبہ جات کو مرحلہ وار فعال کیا جائے،تعطل کا شکار منصوبوں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے،وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت

اتوار 22 مئی 2022 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2022ء) وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ لاہور کا دورہ کیا،وزیر اعظم شہباز شریف کو پاکستان کڈنی انیڈ لیور انسٹیٹیوٹ کے مالی اور انتظامی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،بریفنگ میں وزیرِ اعظم کو گزشتہ دورے کے دوران میں جاری کی گئیں ہدایات کی روشنی میں پی کے ایل ائی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو ،نرسنگ انسٹیٹیوٹ کا قیام ، پچاس فیصد مستحق مریضوں کا مفت علاج ، مفت علاج سب کے لئے اور پی کے ایل آئی ٹرسٹ کے قیام پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پی کے ایل آئی کے شعبہ جات کو مرحلہ وار فعال کیا جائے گزشتہ تین سالوں میں جو منصوبے تعطل کا شکار رہے ان کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری خزانہ پنجاب کو ہدایت کی کہ پی کے ایل آئی کو فنڈز کی فراہمی 10 جولائی تک یقینی بنائی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ نرسنگ انسٹیٹیوٹ کے قیام کیلئے تمام اقدامات اگلے ماہ تک مکمل کر لئے جائیں،وزیر اعظم نے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز میں قابل اور اہل پرائیوٹ ممبران کو شامل کیا جائے تا کہ پی کے ایل آئی کے امور کو احسن طریقے سے سر انجام دیا جاسکے۔

وزیراعظم نے نو منتخب پی کے ایل آئی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر سعید اختر کو مبارکباد دی اور ہدایت کی کہ پی کے ایل آئی کے مالی معاملات کو مستحکم کرنے کیلئے اچھی شہرت کے حامل مالی مشاورتی ادارے کی خدمات حاصل کی جائیں۔مریضوں کے سکریننگ سینٹرز کو پورے پنجاب میں فعال کیا جائے تاکہ عوام کو طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔اس موقع پر چیئرمین پی کے ایل آئی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مصر کی طرح پاکستان بھی جلد ہیپاٹایٹس سی جیسی مہلک بیماریوں سے نجات حاصل کر لے گا۔سیکرٹری خزانہ نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ پی کے ایل آئی کے لئے مختص فنڈز دس جولائی تک جاری کر دئیے جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں