ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل تھامسن کو استعفیٰ واپس لینے پر قائل کر لیاگیا

ایچی سن کالج کے بورڈ آف گورنرزنے پرنسپل مائیکل تھامسن کا استعفیٰ واپس کردیا، ہنگامی اجلاس پرنسپل کے استعفیٰ کے باعث منعقد ہوا ،مائیکل تھامسن وحکومتی اراکین بھی شریک ہوئے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 28 مارچ 2024 16:02

ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل تھامسن کو استعفیٰ واپس لینے پر قائل کر لیاگیا
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مارچ2024 ء) ایچی سن کالج کے بورڈ آف گورنرزنے پرنسپل مائیکل تھامسن کا استعفیٰ واپس کردیا، بورڈ آف گورنرز کا ہنگامی اجلاس پرنسپل کے استعفیٰ کے باعث منعقد ہوا جس میں مائیکل اے تھامسن بھی شامل ہوئے۔آج نیوز کے مطابق اجلاس میں بورڈ ممبرز اور حکومتی اراکین نے پرنسپل اے تھامسن کو استعفیٰ واپس لینے پر قائل کرلیا ۔

اجلاس میں حکومتی اراکین کی جانب سے پرنسپل کو استعفیٰ واپس لینے کی استدعا کی گئی تھی۔ایچی سن کالج کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں بیشتر اراکین نے فیس معافی کے مطالبے کی مذمت کی ہے، جبکہ کچھ اراکین نے اسے گورنر پنجاب کا اختیار اور استحقاق قرار دیا ہے۔گزشتہ روز وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطاءتارڑ نے ایچی سن کالج سے رابطہ کرکے ان کو معاملہ افہام وتفہیم سے حل کرنے کی پیشکش کے ساتھ ساتھ ان سے استعفیٰ واپس لینے کی اپیل کی تھی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم معاملے کو خوش اسلوبی سے مل بیٹھ کر حل کرناچاہتے ہیں۔ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل تھامسن کے استعفیٰ کے بعد کچھ حلقوں نے پنجاب حکومت کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اس معاملے کو بڑھانے کی بجائے مل بیٹھ کر حل کرے جس کے بعد گورنر پنجاب نے کالج کے پرنسپل کی 28روزہ ایکس پاکستان لیو منظور کی تھی ۔پنجاب حکومت کا بھی یہ کہنا تھا کہ مائیکل تھامسن نے اپنا استعفیٰ واپس لے لیا ہے اور معاملات کو حل کر لیاگیا ہے ۔

خیال رہے ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے گورنر پنجاب سے اختلافات کی بنا پر عہدے سے استعفیٰ دیدیاتھا۔ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے عملے کے نام خط لکھا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ سکولوں میں اقربا پروری اورسیاست کی کوئی گنجائش نہیں، انتہائی بری گورننس کی وجہ سے میرے پاس کوئی اور چوائس نہیں ہے اس لئے میں اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیتا ہوں۔

مائیکل تھامسن کا اپنے خط میں مزید کہنا تھا کہ فروری 2023 میں مینجمنٹ کمیٹی کی اکثریت نے پالیسی اپنائے رکھنے کا فیصلہ کیاتھا۔ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں بھی طویل رخصت کی پالیسی میں ترمیم نہیں ہوئی، طویل رخصت کے معاملے کو بورڈ آف گورنرز اجلاس میں رکھنے کیلئے تین خطوط لکھے، گزشتہ 8 برسوں سے کالج کی طویل رخصت کی پالیسی جاری ہے۔ایچی سن کالج کے پرنسپل کے استعفے پر گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ انکوائریز سے بچنے کیلئے پرنسپل ایچی سن کالج نے یہ حربہ اپنایا تھا۔

مائیکل تھامسن ایک سال میں 100 سے زائد چھٹیاں کرتے تھے۔ پرنسپل ایچی سن کالج دو مرتبہ استعفے کی درخواست دے چکے تھے، بورڈ نے نئے پرنسپل کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے استعفیٰ قبول نہیں کیا تھا، تاہم اگست 2024 میں پرنسپل کا استعفیٰ قابل عمل ہو جانا تھا۔ اگلے مہینے ایچی سن کالج کے نئے پرنسپل کی تعیناتی فائنل کر لی گئی تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں