پروفیسر ظفر اللہ چوہدری ایک شفیق استاد اور بہترین معالج تھے،پروفیسر الفرید ظفر

پاکستان اور بیرون ملک بڑے بڑے ڈاکٹرز پروفیسر ظفر اللہ چوہدری کا شاگرد کہلانے میں فخر محسوس کرتے ہیں پروفیسر چوہدری نے بحیثیت ڈین پی جی ایم آئی ادارے کو بین الاقوامی سطح پر روشناس کرانے میں بنیادی کردار ادا کیا

اتوار 28 اپریل 2024 17:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے سابق ڈین پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ اور کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے صدر پروفیسر محمد ظفر اللہ چوہدری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اپنے تعزیتی بیان میں پروفیسر الفرید ظفر نے پروفیسر ظفر اللہ چوہدری کی شاندار خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ طب کے میدان میں پروفیسر ظفر اللہ چوہدری ایک جانی مانی اور عالمی شہرت کی حامل شخصیت تھے۔

ان کے ہزاروں شاگرد ڈاکٹرز پاکستان اور پاکستان سے باہر امریکہ برطانیہ اور دیگر ممالک میں انسانیت کی خدمت کر کے اپنے ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر ظفر اللہ چوہدری نے بطور ڈین پی جی ایم آئی طبی تعلیم کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دیں اور ادارے کو بین الاقوامی سطح پر روشناس کرانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

ان کی بطور صدر کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز طبی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پی ایس پی کے پلیٹ فارم سے پروفیسر ظفر اللہ چوہدری نے فزیشنز اور سرجنز کی تعلیم و تربیت اور انہیں جدید علوم سے آراستہ کرنے کے لیے دن رات کام کیا۔ آج پاکستان کے بڑے بڑے ڈاکٹرز پروفیسر ظفر اللہ چوہدری کا شاگرد کہلانے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے نوجوان ڈاکٹرز کو سرجری کی جدید تکنیکس سے آگاہ کیا۔ وہ اعلی انتظامی و خدا داد صلاحیتوں کے مالک تھے۔ پروفیسر ظفر اللہ چوہدری نشتر میڈیکل کالج ملتان کے گریجویٹ تھے اور بطور پروفیسر وہیں خدمات بھی سر انجام دیں۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ان کی پروفیسر ظفر اللہ چوہدری کے ساتھ اکٹھے گزارے ہوئے دنوں کی بہت سی خوشگوار یادیں وابستہ ہیں۔ وہ ایک شفیق استاد اور بہترین معالج تھے۔ پروفیسر الفرید ظفر کمیٹی روم میں آویزاں پروفیسر ظفر اللہ چوہدری کی تصویر دیکھ کر آبدیدہ ہو گئے اور انہیں بہترین دوست، ساتھی اور شاندار معالج قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان ان کی وفات سے طبی دنیا میں پیدا ہونے والا خلا مدتوں پورا نہیں ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں