گندم کے معاملے پر دھرنے کا اعلان کرنے والے کسان بورڈ پنجاب کے سربراہ گرفتار

دیگر رہنماؤں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں، ممکنہ احتجاج کو روکنے کے لیے گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔ ترجمان کسان بورڈ کا الزام

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 اپریل 2024 12:03

گندم کے معاملے پر دھرنے کا اعلان کرنے والے کسان بورڈ پنجاب کے سربراہ گرفتار
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2024ء ) گندم کے معاملے پر احتجاج کا اعلان کرنے والے کسان بورڈ پنجاب کے سربراہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کسان بورڈ کا کہنا ہے کہ گندم کی سرکاری خریداری میں تاخیر کے باعث کسانوں نے احتجاج کا اعلان کیا ہے، جس کو ناکام بنانے کے لیے کسان بورڈ پنجاب کے سربراہ میاں عبدالرشید کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا ہے، دیگر رہنماؤں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں اور ممکنہ احتجاج کو روکنے کے لیے گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔

جماعت اسلامی مرکزی انفارمیشن سیکرٹری قیصر شریف کا کہنا ہے کہ کسان بورڈ پنجاب کے صدر میاں عبد الرشید کی گرفتاری کی مذمّت کرتے ہیں، حکومت پنجاب کسانوں کے ساتھ ظلم پر اتر آئی ہے، جماعت اسلامی 30 اپریل کو کسانوں کے ساتھ ملک گیر احتجاج کرے گی، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور اپنی روش سے باز آجائیں، گرفتار کسان رہنماوں کو فوری رہا کیا جائے۔

(جاری ہے)

ادھر لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب حکومت کا کسانوں کو گندم کے لیے بروقت باردانہ نہ دینے کا اقدام چیلنج کردیا گیا ہے، درخواست مقامی وکیل فرحت منظور چانڈیو ایڈووکیٹ نے دائر کی، درخواست میں چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا، درخواستگزار کا مؤقف ہے کہ حکومت نے 3900 روپے فی من گندم خریداری کیلئے پالیسی جاری کی، کسانوں کو بروقت باردانہ فراہم نہیں کیا جارہا، حکومت نے 22 اپریل سے کسانوں سے گندم خریداری شروع کرنا تھی، حکومت نے اپنی پالیسی کے مطابق کسانوں سے گندم خریداری شروع نہیں کی، بارشوں کی وجہ سے کسان سستے داموں فصل گندم مافیا کو فروخت کرنے پر مجبور ہیں، عدالت حکومت کو فوری سرکاری ریٹ پر کسانوں سے گندم خریدنے کا حکم دے، عدالت کسانوں کو باردانہ فراہم کرنے کا حکم دے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں