وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے سویڈن کی سفیر انگریڈ جوہانسن کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور اور تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، سیاحت سمیت مختلف شعبوں میںتعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

جمعہ 25 نومبر 2016 18:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاںپاکستان میں سویڈن کی سفیر انگریڈ جوہانسننے ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، سیاحت سمیت مختلف شعبوں میںتعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سویڈن کے مابین دوستانہ اور معاشی تعلقات موجود ہیںاور پنجاب میں متعدد سویڈش کمپنیاں پہلے ہی کام کر رہی ہیں۔

سویڈن کے اشتراک سے پنجاب میں وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے اوراس سسٹم کے تحت کالاشاہ کاکو میں پہلا جدید سنٹر قائم کیاگیا ہے جبکہ ایسے سنٹر پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بنائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت اور سویڈن کے مابین ڈرائیونگ ٹریننگ سکولوں کے قیام اورڈرائیونگ لائسنسوں کے اجراء کے حوالے سے تعاون بڑھایا جائے گااورمرحلہ وار پروگرام کے تحت اس پروگرام کو پورے پنجاب تک پھیلایا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے صوبائی دارالحکومت میں سٹیٹ آف دی آرٹ نالج پارک بنا رہی ہے جبکہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کیلئے قائداعظم اپیرل پارک کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ انہوںنے کہا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے اربوں روپے کے پروگرام کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کیلئے سالڈویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے۔

سویڈن ان شعبوں میں پنجاب حکومت کو تعاون فراہم کرسکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم مختلف شعبوں کی بہتری کیلئے سویڈن کی تکنیکی معاونت کا خیرمقدم کریں گے اور ان کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے حتمی تجاویز مرتب کرکے پیش کی جائیں۔اس موقع پر سویڈن کی سفیرانگریڈ جوہانسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت کو ٹرانسپورٹ، سالڈویسٹ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر شعبوں میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مجتبیٰ شجاع الرحمن، صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز صنعت،ٹرانسپورٹ اور چیئرمین ٹاسک فورس انفارمیشن اینڈ کلچر محمد مالک بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں