کشمیری شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا اور کشمیر بہت جلد پاکستان کا حصہ بنے گا۔پاکستان کشمیریوں کو ان کا حق دلوانے کیلئے مزید فعال کردار ادا کرے،مولانا محمد شفیع جوش

بدھ 19 جولائی 2023 23:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2023ء) 19جولائی 1947ء کوکشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کر کے ایک تاریخ ساز فیصلہ کیا تھا۔ اس دن اہلیان کشمیر نے پاکستان کے ساتھ جینے مرنے کا عہد کیا اور آج تک اپنے وعدے کی تکمیل کیلئے میدانِ عمل میں ہیں۔کشمیری شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا اور کشمیر بہت جلد پاکستان کا حصہ بنے گا۔

پاکستان کشمیریوں کو ان کا حق دلوانے کیلئے مزید فعال کردار ادا کرے۔ ان خیالات کااظہار کشمیری رہنماو صدر نظریہٴ پاکستان فورم آزاد کشمیر مولانا محمد شفیع جوش نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور میں ’’یوم الحاق پاکستان‘‘ کے موقع پر منعقدہ خصوصی نشست کے دوران کیا جس کا اہتمام نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔

(جاری ہے)

مولانا محمد شفیع جوش نے کہا کہ تحریک آزادئ کشمیر میں 19جولائی کا دن بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔ قیام پاکستان سے قبل اس تاریخی دن کو کشمیریوں نے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کر لی تھی۔ اُ س وقت کشمیریوں کے قائد چوہدری غلام عباس قائداعظمؒ کے دست راست تھے اور کشمیریوں کے منتخب نمائندوں کی طرف سے قرارداد الحاق پاکستان کی منظوری کشمیری مسلمانوں کی طرف سے اس بات کا اظہار تھی کہ ان کے قائد بھی قائداعظمؒ ہیں اور ہمارا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ ہے۔

کشمیری آج بھی حق خود ارادیت مانگ رہے ہیں کہ انہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے دیا جائے۔ تحریک آزادی کشمیر تکمیل پاکستان کی جدوجہد ہے جو کامیابی تک جاری رہے گی۔ کشمیری عوام نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ ان کے حقوق کا محافظ اور ان کی جدوجہد آزادی کی تحریک کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ کشمیری رہنما سید نصیب اللہ گردیزی نے کہا 76 برس قبل 19 جولائی1947ء کو جموں کشمیر کی عوامی قیادت نے تاریخی فیصلے کا اعلان کیا تھا کہ کشمیرکا پاکستان کے ساتھ الحاق ہو گا، اِسی اعتبار سے 19 جولائی کا دن آزادی ٴ کشمیر کی تاریخ میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

یہ تاریخی قرارداد جموں و کشمیر کے عوام کی اکثریت کی امنگوں اور خواہشوں کی عکاسی کرتی ہے۔ کشمیری رہنما فاروق خان آزاد نے کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی آج بھی جاری ہے۔ کشمیری بھارتی ظلم وجبر کا بڑی پامردی سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ 19جولائی کو ہرسال دنیا بھر کے کشمیری ’’یوم الحاقِ پاکستان‘‘ کے طور پر مناتے ہیں کیونکہ 1947ء میں اسی روز کشمیر کے تمام طبقات کی بھاری اکثریت نے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے۔ سیکرٹری نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ ناہید عمران گل نے کہا 19جولائی 1947ء کو کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں نے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کی۔یہ قرارداد کشمیری مسلمانوں کا ’’پاکستان سے مطلب کیا… لا الٰہ الا اللہ‘‘ سے عملی اظہارِ یکجہتی تھا۔ بھارت نے گذشتہ76 برسوں سے کشمیری عوام کو ان کا بنیادی انسانی حق یعنی اپنی مرضی سے اپنی زندگی گزارنے کا موقع فراہم نہیں کیا۔

سیکرٹری تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ محمد سیف اللہ چوہدری نے کہا پاکستان سے الحاق کی تحریک کو جاری وساری رکھتے ہوئے ہر کشمیری عہد کرتا چلا آرہا ہے کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں اور وسائل کشمیر کی آزادی اور کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق ہونے تک اپنی سعی و جدوجہد جاری رکھنے کے عزمِ صمیم سے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں