تحریکِ پاکستان کو کامیاب بنانے میں خواتین کا کلیدی کردار اہمیت کا حامل ہے، قائداعظمؒ جدوجہدِ آزادی میں خواتین کے کردار کے بڑے معترف تھے، مقررین

پیر 13 اگست 2018 22:36

لاہور۔13 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) تحریکِ پاکستان کو کامیاب بنانے میں خواتین کا کلیدی کردار اہمیت کا حامل ہے، قائداعظمؒ جدوجہدِ آزادی میں خواتین کے کردار کے بڑے معترف تھے، جب تک پاکستانی خواتین خود کو اقتصادی لحاظ سے مضبوط نہیں بناتی تب تک وہ اپنے حقوق کا تحفظ نہیں کرسکتیں۔ ان خیالات کا اظہارمقررین نے ایوانِ قائداعظمؒ، جوہرٹائون لاہور میں تقریبات یومِ آزادی کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی نشست بعنوان ’’تحریکِ پاکستان میں خواتین کا کردار‘‘ کے دوران کیا۔

اس موقع پر نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ شعبہ خواتین کی کنوینر بیگم مہناز رفیع، سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، سیکرٹری نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ شاہدرشید،کنوینر مادرملتؒ سنٹر پروفیسر ڈاکٹر پروین خان سمیت طالبات ، اساتذہ کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی،بیگم مہناز رفیع نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ انتہائی دور اندیش رہنما تھے،ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے ایک جائے پناہ کی مانند ہے۔

(جاری ہے)

اس کا تحفظ ہم سب پر فرض ہے۔ آزادی کی قدر و منزلت مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں سے پوچھیں جو بھارت اور اسرائیل کے ظلم و ستم تلے سسک سسک کر زندگی گزار رہے ہیں،پروفیسرڈاکٹر پروین خان نے کہا کہ پاکستان ایک نعمت خداوندی ہے،ہمارے بزرگوں کو کسی نے یہ ملک طشتری میں رکھ کر پیش نہیں کیاتھا بلکہ اسے حاصل کرنے کی خاطر ہندوستان کے مسلمانوںکو آگ اور خون کے دریا عبور کرنا پڑے تھے۔

بیگم صفیہ اسحاق نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی حوصلہ افزائی کے نتیجہ میں ہندوستان کی مسلمان خواتین نے تحریکِ پاکستان کے دوران ایسے شاندار کارنامے انجام دیے کہ جن کے بارے صرف سوچا ہی جاسکتا تھا۔ڈاکٹر غزالہ شاہین وائیں نے کہا کہ عالم اسلام کی تاریخ شاہد ہے کہ مسلمان خواتین نے جنگی مہمات میں بھی حصہ لیا اور علم و آگہی کے میدانوں میں بھی کارہائے نمایاں انجام دیے۔

قیامِ پاکستان کی جدوجہد میں مادرِملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کا کردار ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ڈاکٹر عارفہ صبح خان نے کہا کہ حصول آزادی کی جدوجہد میں لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اس جدوجہد کے دوران مسلمان خواتین کی قربانیاں کسی طور مردوں سے کم نہیں ہیں۔،یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کی شاہین فردوس نے کہا کہ طالبات محنت کرکے خود کو ایک اثاثہ بنائیں جو معاشرے میں مثبت تبدیلی لاسکے۔

نوجوان ہمارا مستقبل اور ہماری اُمیدوں کا محورومرکز ہیں۔ انہوں نے طالبات کو تاکید کی کہ وہ کامیاب انسانوں کی زندگیوں اور اصولوں کا مطالعہ کریں اور ان کی پیروی کریں۔ تقریب کے دوران کنیئرڈ کالج لاہور کی طالبہ فائزہ حمید اور یونیک اکیڈمی کی طالبہ حافظہ منال ذوالفقار نے کلامِ اقبالؒ پیش کرکے حاضرین کا دل موہ لیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں